پاکستان کے عالمی وقار کیلئے سید قمر رضا کی تاریخی فتح

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) محب وطن جذبے، قیادت، اور سفارتی مہارت کا بے مثال مظاہرہ کرتے ہوئے اوورسیز پاکستان فاونڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے پاکستان کیلئے ایک ایسی تاریخی سفارتی کامیابی حاصل کی ہے جسے پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائیگا۔اس وقت جب سابق وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے موجودہ شہباز شریف حکومت کو معاشی طور پر بلیک میل کرنے کی غرض سے ترسیلات روکنے کی اپیل کی، سید قمر رضا نے حالات کا رخ بدل دیا اور پاکستان کے مفاد کا دفاع کیا چنانچہ سیاسی چالوں کے بجائے اوورسیز پاکستانیوں نے سید قمر رضا کی واضح اور بہادر قیادت میں ان نقصان دہ مطالبات کو مسترد کیا۔ انہوں نے ریکارڈ ترسیلات بھیج کر یہ ثابت کیا کہ انکی وفاداری کسی فرد کیساتھ نہیں بلکہ صرف اور صرف پاکستان اور اس کے عوام کیساتھ ہے۔اس غیر متزلزل حمایت کا سہرا صرف اور صرف سید قمر رضا کے سر ہے جنہوں نے مسلسل سفارتی روابط، وژن کی وضاحت اور پاکستان سے سچی وابستگی کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو متحد کیا۔ انکی قیادت نے اتحاد کو فروغ دیا، پروپیگنڈا کو خاموش کیا اور اوورسیز پاکستانیوں اور وطن کے درمیان محبت کے رشتے کو مضبوط کیا۔اسی اعتماد اور لگن کا مظہر آنے والا اوورسیز پاکستانی کنونشن ہے جو اسلام آباد میں سید قمر رضا کی قیادت میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس عظیم الشان تقریب کی خاص بات یہ ہے کہ ایک ہزار سے زائد بااثر اوورسیز پاکستانی جو امریکہ، یورپ، مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک سے آئیں گے، اپنے ذاتی خرچے پر شریک ہورہے ہیں، صرف اسلئے کہ وہ پاکستان اور وزیراعظم شہباز شریف سے اپنی وفاداری کا اظہار کرنا چاہتے ہیں۔یہ طاقتور پیغام نہ صرف بیرون ملک پاکستانیوں کے وطن سے گہرے تعلق کو اجاگر کرتا ہے بلکہ مخالف قوتوں کی بے بنیاد پروپیگنڈا کا بھی منہ توڑ جواب ہے۔ یہ واضح کرتا ہے کہ اوورسیز پاکستانی سیاسی کھیلوں کے مہرے نہیں بلکہ اپنے وطن سے سچی محبت کرنے والے فخر سے سر بلند پاکستانی ہیں۔جیسے جیسے دنیا بھر سے وفود اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، بین الاقوامی برادری بھی اس اتحاد اور حب الوطنی کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ یہ کنونشن سید قمر رضا کی ایک سفارتی کامیابی کا شاہکار ہے، اور ان تمام عناصر کے منہ پر ایک زوردار طمانچہ ہے جو پاکستان کو تقسیم اور کمزور کرنے کے درپے تھے۔