ڈیرہ غازی خان‘لاہور،اسلام آباد: (کرائم رپورٹر،بیورورپورٹ) پولیس نے ڈیرہ غازی خان کے سرحدی تھانہ وہوا کی جھنگی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشتگردوں کا بڑا حملہ پسپا کر دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق تھانہ وہوا کی جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر 20 سے 25 دہشتگردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف اطراف سے حملہ کیا، راکٹ لانچرز، جدید خود کار اسلحہ کا استعمال کیاگیا،چوکی پر تعینات پنجاب پولیس کے الرٹ اہلکاروں نے زبردست مزاحمت اور جوابی فائرنگ سے حملہ ناکام بنا دیا، جوابی کارروائی سے دہشتگرد پسپا ہو کر فرار ہو گئے،بھاری جانی نقصان بھی اٹھایا،آر پی او ڈیرہ غازی خان سجاد منج نے آپریشن کی قیادت کی، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی بھی موقع پر موجود تھے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہابہادر سپاہی دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں،ادھر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا پنجاب پولیس کے دلیر جوانوں نے بہادری سے خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، پولیس نے جرات کے ساتھ خوارجی دہشتگردوں کو مار بھگایا ،پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے۔
ڈی جی خان،پولیس نے دہشتگردوں کا بڑا حملہ پسپا کردیا
















