لاہور (خبر نگار) میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ میں لینڈ یوز رولز کی خلاف ورزی اور کمرشلائزیشن فیسوں کے ہیر پھیر میں ملوث ایڈمنسٹریٹرز، چیف افسران، پلاننگ افسران اور بلڈنگ انسپکٹرز کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی سفارشات اتھارٹی کو بھجوا دی گئی ہیں۔ تحقیقات میں ثابت ہوا ہے کہ میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ میں 19 غیر قانونی کمرشل تعمیرات بائی لاز کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ افسران نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے بلڈنگوں کی کمرشلائزیشن فیس اکٹھی کرنے کا ڈی پی ڈی سی کا اختیار بھی خود استعمال کیا اور لسٹ A کی منظوری کے بغیر ہی تعمیرات کی اجازت دے رکھی تھی۔ مذکورہ تعمیرات میں ایک جی ڈی اے اور 18 ایم سی کے کنٹرولڈ ایریا میں شامل ہیں۔ لینڈ یوز رولز 2020 کے رول 12 کے تحت اب تک کے ایڈمنسٹریٹرز اور چیف افسران کو بھی ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، جنھوں نے لینڈ یوز رولز کے مطابق ڈی پی ڈی سی سے کمرشلائزیشن کی منظوری حاصل کئے بغیر بلڈنگوں جو تعمیر کروایا۔ سڑکوں اور تعمیرات کو ازخود کمرشل ڈکلیئر کر کے اختیارات سے تجاوز کیا گیا۔ محکمہ بلدیات پنجاب کی طرف سے انکوائری ڈائریکٹر آرکیٹیکٹ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور ڈاکٹر رائے امتیاز حسن نے مکمل کی ہے جو ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کر کے 27 فروری کو محکمے کو واپس بھجوائی گئی تاہم ڈائریکٹر جنرل سی اینڈ آئی کی طرف سے ابھی تک شوکاز نوٹس جاری نہیں کئے گئے ہیں۔میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ کے جو پانچ بلڈنگ انسپکٹرز اور انفورسمنٹ انسپکٹرز غیر قانونی کمرشل تعمیرات میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ان میں رانا عبدالحسیب، سبحان رشید،ارسلان یوسف،عثمان شفیق اور ساجد امین شامل ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کمپلینٹ اینڈ انکوائریز ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے انکوائری کو دبائے جانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق اگر پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی ہوتی ہے تو 2020 سے اب تک میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ میں تعینات تمام ایڈمنسٹریٹرز اور چیف آفیسرز شکنجے میں آئیں گے۔
گوجرانوالہ میونسپل کارپوریشن، بدعنوانیوں میں ملوث افسران کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی سفارش
















