اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ملک بھر میں یوم پاکستان کے 85 برس مکمل ہونے کا دن ملی جوش و جذبے کےساتھ منایا گیا،دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات منعقد کی گئیں،اسلام آباد میں ایوان صدر میں یوم پاکستان کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، صدر مملکت آصف زرداری تقریب کے مہمان خصوصی تھے، تقریب میں غیرملکی سفیروں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی،یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں مسلح افواج کی پریڈ ہوئی، تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے پریڈ کا حصہ تھے، آرمی، نیوی اور فضائیہ کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا، قومی پرچم کو سلامی دی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، چیئرمین سینٹ یوسف رضاگیلانی بھی تقریب میں شریک ہوئے،سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر کی آمد پر چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، صدر مملکت آصف زرداری روایتی بگھی میں تقریب میں پہنچے ، بگل بجا کر اعلان کیا گیا، صدر مملکت نے استقبالیہ کمیٹی کے ارکان سے مصافحہ کیا، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف اور مسلح افواج کے سربراہان سٹیج پر موجود رہے،یوم پاکستان کی پریڈ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرکے دشمن پر لرزہ طاری کر دیا، پاک فضائیہ کی شیر دل فارمیشن نے شاندار فضائی مظاہرہ کیا، جے ایف 17 تھنڈر، ایف 16، جے 10 سی، میراج طیاروں کے ذریعے شاندار فلائی پاسٹ کیا،یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں منعقدہ مسلح افواج کی پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف زرداری نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہو ئے کہا 23 مارچ کا دن پاکستانی قوم کیلئے بہت اہم ہے، بہت سی قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی،شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشت گردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا،فتھ جنریشن وار فیئر اہم چیلنج ہے، ہم باحوصلہ قوم ہیں، چیلنجز پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، مادر وطن کے تحفظ کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، دہشتگردی کو جر سے اکھاڑ پھینکیں گے،آصف زرداری نے کہا فتنہ الخوارج اور دہشتگرد تنظیموں کے عزائم ناکام بنا دیں گے،بھارت پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھتا ہے، قوم اور افواج مادر وطن کیلئے کبھی کسی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹے، ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشتگردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا، فتنہ الخوارج اور دیگر دہشتگردتنظیموں کو بتا دینا چاہتے ہیں عوام اور مسلح افواج ساتھ کھڑے ہیں،صدر مملکت نے کہا نوجوان نسل میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، مقابلہ کرنا ہوگا، ہمارے اندر مشکلات پر قابو پانے کی صلاحیتیں ہیں، ہم ایک با حوصلہ قوم ہیں، مشکلات سے نہیں گھبراتے، اندرونی وبیرونی سازشوں کے باوجود پاکستان کی تعمیر کرتے آئے ہیں اور کرتے رہیں گے، خارجہ پالیسی امن اور استحکام پر مبنی ہے، پاکستان کو بہت سے جیوپولیٹیکل چیلنجز کا سامنا ہے، مسلح افواج کے جوان بے پناہ قربانیاں دے رہے، سرحدوں کی حفاظت کو ہمیشہ یقینی بنائیں گے، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کی حفاظت کیلئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں، نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں، اپنی نوجوان نسل کیلئے روزگار پیدا کریں گے، نوجوان نسل کو تعلیم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا ہے،آصف زرداری نے کہا مقبوضہ کشمیر کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو کبھی نہیں بھولے، مقبوضہ کشمیر کے عوام طویل عرصے سے بھارتی دہشتگردی کا شکار ہیں، مقبوضہ کشمیر کے غیورعوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں، کشمیریوں کی بے لوث قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،ہم حق خود ارادیت کیلئے دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کیلئے آواز اٹھائیں گے، عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے دیں، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے،ہم فلسطین کیساتھ اظہار یکجہتی، حق خود ارادیت کیلئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اظہار کرتے ہیں، عالمی برادری فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کیلئے فوری فیصلہ کن اقدام کرے، فلسطینی عوام کو اپنے وطن میں مکمل آزادی و خود مختاری کا حق حاصل ہونا چاہیے،ہمارا سفر آ سان نہیں لیکن ناممکن بھی نہیں، پاکستان کی اصل طاقت عوام ہے، آپ کی ثابت قدمی اور حب الوطنی نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا، اپیل کرتا ہوں اپنی تمام تر طاقت ملکی ترقی کیلئے وقف کر دیں، آیئے اختلافات سے بالاتر ہو کر خوشحال اور پرامن پاکستان کیلئے کام کریں، مایوسی اور منفی سوچ کو ترک کر کے اتحاد، سچائی اور امید کو اپنائیں، ہمیں ایسا پاکستان بنانا ہے جو ترقی یافتہ اور انصاف پر مبنی ہو، دعا ہے اللہ ہمیں عزت، عظمت اور سربلندی کی راہ پر چلائے،خطاب کے اختتام پر صدر آصف زرداری نے شاندار پریڈ کے انعقاد پر پریڈ کمانڈر اور آرگنائزرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا تقریب مضبوط پاکستان کے ساتھ قومی یکجہتی،وقار کی جھلک پیش کر رہی ہے، یہاں موجود افواج پاکستان کے جوانان نے قومی جذبے کو تازہ کیا ہے، قوم کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اللہ ہم سب کا حامی وناصر ہو، افواج پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نے قوم کویومِ پاکستان کی 85ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے وطن کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے،آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں یوم پاکستان کے موقع پر سروسز چیفس نے کہا 23 مارچ وہ دن جب ایک آزاد وطن کے قیام کا خواب حقیقت میں ڈھلنے کی راہ پر گامزن ہوا،23مارچ کا دن ہمارے ایمان، امید اور ثابت قدمی کی علامت ہے، جو پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے، پاکستان جمہوری اقدار اور اسلامی اصولوں کی روشنی میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے، پاکستان اپنے جمہوری اداروں کے استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود کےلئے پوری قوت کے ساتھ کوشاں ہے جبکہ پاک افواج اپنی سرحدوں کے دفاع اور مادرِ وطن کی خودمختاری کے تحفظ کےلئے ہمیشہ تیار ہیں،اعلامیے میں مزیدکہا گیا آج پاکستان عالمی برادری کا ذمے دار اور مضبوط رکن ہے، پاکستان امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینے میں مصروف عمل ہے، ہم ایک متحد قوم کے طور پر روشن مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں اپنے پائیدار استحکام کےلئے پرعزم ہیں، مسلح افواج اس امن کا دفاع جاری رکھیں گی اور یہ ہماری قومی شناخت کی علامت ہے، پاکستان امن کا پیامبر ہے، اور ہم اس کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔
یوم پاکستان جوش و جذبے سے منایا گیا،شاندار پریڈ، پاک فضائیہ کے شاہینوں کا فلائی پاسٹ ، فتنہ الخوارج اور دہشت گرد تنظیموں کے عزائم ناکام بنا ئیں گے: صدر مملکت
















