لاہور: ( کورٹ رپورٹر)جسٹس طارق ندیم نے قرار دیا ہے فوجداری کارروائی میں ڈی این اے رپورٹ کو بنیادی ثبوت کے طور پر نہیں لیا جا سکتا،لاہور ہائیکورٹ نے 19سالہ لڑکی کو زیادتی کے بعد گلا کاٹ کر قتل کرنے کے مقدمے میں عمر قید پانے والے ملزم عارف کو 6سال بعد بری کر دیا۔
11صفحات پر مشتمل فیصلے میںجسٹس طارق ندیم نے لکھا موجودہ دور میں کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کےلئے ڈی این اے کا کردار بہت اہم ہے، عدالتوں کوبھی دیکھنا چاہئے ڈی این اے رپورٹ قانون کے مطابق ہے یا نہیں اگر ڈی این اے سیمپل محفوظ طریقے سے منتقل نہ ہوں تو رپورٹ پر بھی اعتبار نہیں کیا جا سکتا، فوجداری کارروائی میں ڈی این اے رپورٹ کو محض ایکسپرٹ شواہد کے طور دیکھا جا سکتا ہے، کسی بھی وقوعہ کی ڈی این اے رپورٹ کو صرف ماہرین کی رائے کے طور پر لیا جا سکتا ہے۔
فیصلے میں کہاگیادیگر تمام شواہد غلط ہوں تو صرف ڈی این اے رپورٹ سے ملزم کو جرم کےساتھ لنک کرنا کافی نہیں ، شواہد کا جائزہ لینے کے بعد نتیجے پر پہنچے استغاثہ کا کیس شکوک وشبہات سے بھرا پڑا ہے ایسے شکی و غیر حقیقی شواہد پر ملزم کی سزا برقرار نہیں رہ سکتی،عدالت سزا کالعدم قرار دے کر ملزم کو رہا کرنے کا حکم دیتی ہے۔
فوجداری کارروائی میں ڈی این اے رپورٹ کو بطور ثبوت نہیں لیا جا سکتا،لاہور ہائیکورٹ
















