سرگودھا، لاہور (نمائندہ خصوصی+ کرائم رپورٹر) سرگودھا میں منشیات فروشوں کے ساتھ پولیس مقابلے میں 2 جوان شہید جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے جبکہ منشیات فروش فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ بعدازاں شہداءکو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد پورے پولیس اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے جوان مردی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا اور زخمیوں کے بہترین علاج معالجہ کی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا کے قصبہ لکسیاں کے علاقہ ٹبی سیداں میں منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپہ پر پولیس مقابلہ میں دو کانسٹیبل مانگنی پل کا 35 سالہ عمران وینس، رانا شفیق شہید اور دو جوان چک 41 شمالی کا 59 سالہ سب انسپکٹر ممتاز اور ایلیٹ کانسٹیبل بھاگٹانوالہ کا 34 سالہ نعمان شدید زخمی ہوگئے جن کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور موقع سے فرار ہونے والے منشیات فروش ملزمان کی تلاش میں پولیس مصروف تفتیش ہے۔ پولیس مقابلہ کے شہداءکو پولیس لائن میں نماز جنازہ ادا کر کے آبائی علاقہ میں پورے پولیس اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیاجن کی جواں مردی پر آئی جی پنجاب نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا اور زخمیوں کے بہترین علاج معالجہ کی ہدایت کی۔
سرگودھا، پولیس مقابلے میں 2 اہلکار شہید، 2 شدید زخمی
















