منفی پروپیگنڈا کرنےوالا ملزم بنی گالا سے گرفتار، فیک اکاونٹس کو پی ٹی آئی سے منسوب کیا جا رہا ہے: ترجمان

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ریاستی اداروں کےخلاف نفرت انگیز مہم چلانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت حیدر سعید کے نام سے ہوئی، ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں بنی گالا اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا،ملزم نے جعفر ایکسپریس سانحے کے دوران اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا اور تضحیک آمیز مواد شیئر کیا جبکہ ملزم سوشل میڈیا پر کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی حمایت اور تشہیر کرنے میں بھی ملوث پایا گیا،ترجمان نے مزید کہا ملزم کے سوشل میڈیا اکاونٹس اور ڈیجیٹل شواہد قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا، ملزم کےخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ادھر پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے فیک اکاونٹس کوہماری سوشل میڈیا آفیشل ٹیم کے بچوں سے منسوب کیا جارہا ہے، جس طرح سے ہمارے بچے اٹھائے گئے قابل مذمت ہے، آپ نے قانون وآئین کا تماشا بنایا ہوا ہے، آج نوجوانوں کےساتھ ضد لگا کربیٹھ گئے ہیں وہ آپ کو مان لیں، نوجوانوں کو اپنے حقوق کا پتہ ہے جن لوگوں نے بانی کا پیغام گھر گھر پہنچایا یہ وہی نوجوان تھے، قوم جب اکٹھی ہوکر اداروں کے پیچھے کھڑی ہوتی ہے تو دشمن کےخلاف زیادہ اعتماد سے لڑاجاتا ہے، یہ جعلی حکومت ہے، ملک کسی کو برباد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، قوم کے بچوں کےساتھ مت لڑیں، اپنے کردار سے ثابت کریں آپ قوم کو اکٹھا کرنا چاہتے ہیں، قوم اکٹھی ہوگی تو مسائل کا حل نکلے گا،ہم گرینڈ اپوزیشن الائنس بنانا چاہتے ہیں، عید کے بعد گرینڈالائنس کی شکل میں احتجاج کرنا چاہتے ہیں،پرامن احتجاج ہمارا آئینی حق ہے، بانی سے ملنے نہیں دیا جارہا، مولانا سے ملاقات میں چیزیں سے پہلے سے بہتر ہیں،مزید برآںسوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کے معاملے میں جے آئی ٹی نے تحریک انصاف کے 16 افراد کو آج دوبارہ طلب کر تے ہوئے نوٹس بھی جاری کر دئیے،ذرائع کے مطابق فردوس شمیم نقوی، خالد خورشید، میاں اسلم اقبال ، حماد اظہر ، عون عباس، شہباز شبیر، وقاص اکرم اور تیمور سلیم کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس دیا گیا ہے، صبغت اللہ ورک،اظہرمشوانی،نعمان افضل،جبران الیاس کو بھی جے آئی ٹی کے سامنے دوبارہ طلب کیا گیا ہے جبکہ سلمان رضا، ذلفی بخاری، موسیٰ ورک اور علی ملک کو بھی طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے،ذرائع نے مزید کہا بیرسٹر گوہر، روف حسن اور شاہ فرمان جی آئی ٹی کے سامنے پیش ہو چکے ہیں، جے آئی ٹی نے علیمہ خان کو بھی 19 مارچ کو طلبی کا نوٹس جاری کر رکھا ہے،علاوہ ازیں خصوصی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں مراد سعید، حماد اظہر اور فرخ حبیب کو اشتہاری قرار دےدیا،عدالت نے تینوں ملزمان کو مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار دیا جبکہ واثق قیوم عباسی، راجہ بشارت اور غیر حاضر کارکنان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔