وزیراعظم نے معیشت بحال کرکے ترقی کی راہ پر گامزن کردیا :رانا تنویر/ علیم خان

مریدکے (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین اور وفاقی وزیر مواصلات علیم خان نے کالا شاہ کاکو کے قریب کوٹ پنڈی داس موٹر وے انٹر چینج کا افتتاح کر دیا۔ تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی رانا احمد عتیق انور، متوقع صوبائی وزیر رانا طاہر اقبال، رکن پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول، ٹکٹ ہولڈر ارشد ورک، سابق ایم پی اے علی عباس گل آغا سمیت نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلیٰ حکام، اہم کاروباری شخصیات اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ نا اہل ٹولے نے ملک کو دیوالیہ کر دیا تھا اور فخریہ انداز میں اسے سری لنکا بننے کے دعوے کر رہے تھے مگر وزیر اعظم میاں شہبا ز شریف کی قیادت میں پی ڈی ایم حکومت نے اپنی سیاسی ساکھ کی پرواہ نہ کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں اسے ڈیفالٹ سے بچایا اور دوسرے مرحلے میں معیشت بحال کرکے ترقی کی طرف گامزن کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ دنیا کے تمام معاشی ادارے تسلیم کر رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت ترقی کی طرف چل پڑی ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں ان کی ٹیم نے16گھنٹے تک روزانہ کام کرکے ملک میں شرح سود 22فیصد سے کم کرکے12فیصد تک لائی ہے جبکہ آئندہ نیچے لائی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کوٹ پنڈی داس موٹر وے انٹر چینج ایک لمبا سفر طے کرکے مکمل کیا گیا ہے۔ نا اہل پی ٹی آئی حکومت نے اس عوامی منصوبے کو روک دیا تھا جس سے نہ صرف منصوبے کی تکمیل میں تاخیر ہوئی بلکہ اس کی لاگت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ہمیشہ ترقی، شرافت اور امن کی سیاست کی اسلئے ایک جماعت کے گماشتوں سے کہا جائے کہ وہ ملک کو چلنے دیں تاکہ ہم یہاں ہائے ویز، کالج، یونیورسٹیاں بنائیں اور روزگار کے مواقع پیدا کرکے اپنے بچوں کا مستقبل روشن کریں۔ انہوںنے مزید کہا کہ افواج پاکستان کے جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ملک کی حفاظت کر رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے دہشت گردوںکو جیلوں سے نکال کر دوبارہ پاکستان میں بسایا جو ملک پر حملہ آور ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پوری دنیا پاکستانی افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کر رہی ہے مگر نام نہا د سیاسی جماعت اس کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات علیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ افواج پاکستان ملک بچانے کیلئے قربانیاں پیش کر رہی ہیں مگر پی ٹی آئی ڈھٹائی کے ساتھ ملک دشمنی کر رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ لوگ اپنے ہی ملک اور فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر بکواس کرکے فوج کو کمزور اور ملک کونقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ علیم خان نے مزید کہا کہ ان لوگوںنے ایک شخص کیلئے پورا ملک داو¿ پر لگا دیا ہے اوران کیلئے ملک پیچھے اور ایک پارٹی آگے ہے۔ وفا قی وزیر مواصلات نے کہا کہ جعفر ایکسپریس میں عام شہریوں کے ساتھ110فوجی اہلکار سوار تھے جو اپنے ملک کی حفاظت کی خاطر ایک مقام سے دوسرے مقام سفر کر رہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ اگر فوج نہ ہو تو ہمارا ملک ایک دن تک قائم نہیں رہ سکتا۔