اسلام آباد :(بیورورپورٹ) قومی اسمبلی نے جعفر ایکسپریس پر حملے کیخلاف متفقہ قرار داد منظور کر لی ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری کی جانب سے پیش کی گئی قراردادمیںٹرین واقعہ اور تمام دہشت گرد واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔
قراردار کے متن میں کہا گیا قومی سلامتی سے متصادم نظریات کو پھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، ایوان حادثے میں جاں بحق ہونے والے معصوم شہریوں کےساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے، ایوان بہادر سکیورٹی فورسز کی ستائش کرتا ہے اور بلا تفریق رنگ و نسل عوام سے دہشتگردی کے خلاف منظم ہونے کا اعادہ کرتا ہے،قرارداد کے متن کے مطابق ایوان سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انتہا پسندی کی تمام اقسام کی مذمت کرتا ہے جبکہ ایوان بلوچستان واقعے کے بعد نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتا ہے۔
منظور کردہ قرارداد پر بلاول بھٹو زرداری، اسد قیصر، راجہ پرویز اشرف، زرتاج گل، وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری اور فاروق ستار سمیت دیگر نے بھی قرارداد پر دستخط کیے
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے نیشنل ایکشن پلان ٹو بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاعالمی قوتیں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے متحد ہوچکیں،کمزوریوں کا فائدہ ملک دشمن اٹھا رہے ہیں، سانحہ اے پی ایس پر سیاست ایک طرف رکھ کر قومی مفاد کو ترجیح دی ،نواز شریف نے نیشنل ایکشن پلان بنایا، شہباز پلان ٹو کیوں نہیں بنا سکتے، میں وزیر اعظم کا بیٹا تھا، میں ایک سال کا تھا مجھے گھر سے اغواکرنے کی کوشش کی گئی، میری ماں نے مجھے لندن میں محفوظ رکھا، آخر کار میری والدہ کو شہید کیا گیا، بےنظیر شہید کے بعد دہشتگردی میں تیزی آئی۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ دہشتگردی بھگتی ،پاکستان میں دہشتگردی کامسئلہ نیا نہیں،عالمی قوتوں کی سرپرستی دہشتگردوں کو حاصل ہے، مذمت سے بات نہیں بنے گی طے کرنا ہوگا کیا کرنا ہے؟ دہشت گرد پاراچنار سے لیکر بلوچستان تک عوام کو قتل کررہے ہیں، سب کو دہشتگردی کےخلاف متحد ہونا ہے، وزیر دفاع نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی تعریف کی اچھی بات ہے، دہشتگردی کےخلاف وزیر اعلیٰ بلوچستان و وزیر اعلیٰ کے پی کے کو وفاق کو غیر مشروط سپورٹ دینا چاہیے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا سانحہ جعفر ایکسپریس پر پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا انتہائی شرمناک ہے، پی ٹی آئی سوشل میڈیا بریگیڈ نے دہشت گردوں کو کریڈٹ دیا، سوشل میڈیا پر کہا گیا دہشت گردوں نے مسافروں کو خود چھوڑا، سازش کرنےوالے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کے لوگ اوورسیز ہیں، بھگوڑے باہر بیٹھ کر سازشیں کر رہے ہیں، مارشل لاءکی پیداوار نے فارم 47 کا طعنہ دیا، دوسروں پر انگلی اٹھانے والوں کو اپنا ماضی بھی دیکھنا چاہیے، دہشتگردوں کو پاکستان لا کر بسانے کی باتیں کس نے کیں، کون نہیں جانتا؟،پاک فوج نے دہشتگردی کےخلاف آپریشن میں تاریخ رقم کی،جعفر ایکسپریس حملے پر ایوان میں متفقہ آواز نہیں اٹھائی گئی، کوئی شرم ہوتی ہے، کوئی حیا ہوتی ہے،ادھر جنرل باجوہ اور جنرل فیض بیٹھ کر بریفنگ دے رہے تھے دہشت گردوں کو واپس لاکر بسانا ملک کے حق میں بہت اچھا ہے، جب تک سیاست دان بطور برادری 77 سال کی غلطیوں کا اعتراف نہیں کریں گے، آگے نہیں بڑھ سکتے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ملک دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے، فوج قربانیاں دے رہی ہے، امید ہے دہشتگردی واقعہ کے بعد ساری جماعتیں اکٹھی ہوں گی،سانحہ جعفر ایکسپریس کی شدید مذمت کرتے ہیں، دہشتگردوں نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا ہوگا۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا وزیر دفاع کے دل و دماغ پر پی ٹی آئی اور سوشل میڈیا سوار ہے، خواجہ آصف میں اخلاقی جرا¿ت اور شرم وحیا ہوتی تو مستعفی ہو جاتے، خواجہ آصف کہہ رہے ہیں سب کچھ پی ٹی آئی کی وجہ سے ہورہا ہے،ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے، اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے فیض حمید کو آپ نے جیل میں ڈالا، اچھا کیا، باجوہ کو بھی ڈالو،بلوچستان واقعہ کے بعد تقاریر سنیں،باجوہ خوشی میں آزاد پھر رہا ہے، کشمیر کا سودا اس شخص نے کیا، فیض کے ذریعے آپ کو جیلوں میں ڈلوایا، پی ٹی آئی کی پیٹھ میں بھی چھرا گھونپا، فیض کو آپ نے جیل میں ڈالا، اچھا کیا، باجوہ کو بھی ڈالو، اس لیے کوئی کچھ نہیں کر سکتا کیونکہ وہ سابق آرمی چیف ہے،کب تک صرف مذمتیں اور قراردادیں پیش کرتے رہیں گے۔
ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے نیشنل ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لینے کی ضرورت ہے، وزیراعظم سانحہ جعفر ایکسپریس پر اے پی سی بلائیں جو قومی ایجنڈا طے کرے، ایم کیو ایم بلوچستان واقعہ کی شدید مذمت کرتی ہے۔
نیشنل پارٹی کے رکن قومی اسمبلی پولین بلوچ نے کہا ہے بلوچستان میں تھانے اور نوکریاں فروخت ہورہی ہیں، بلوچستان کا نمبر ایک مسئلہ لاپتہ افراد ہیں کوئی محلہ ایسا نہیں جہاں مسنگ پرسنز نہ ہوں، میں ایک ایسے گھر کو جانتا ہوں جس کا ایک نوجوان 11 سال لاپتہ رہا اس کے گھر سے تین خود کش حملہ آور نکلے۔
قومی اسمبلی ، جعفر ایکسپریس پر حملے کیخلاف متفقہ قرار داد منظور


















