مصطفی نواز کھوکھر کے والد کی اسلحہ لائسنس درخواست انتقال کے بعد منظور

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)عدالت نے مصطفی نواز کھو کھر کے والد نواز کھو کھر مرحوم کو ڈپلیکیٹ اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی درخواست انتقال کے بعد منظور کر،ہائی کورٹ نے 2018 میں دائر کیے گئے مقدمے کا 7 سال بعد فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے ریمارکس دئیے درخواست گزار نواز کھوکھر انتقال کرچکے ،انتقال کے بعد ورثا نے مقدمے کی پیروی کی،جسٹس اعظم خان نے ڈپلیکیٹ اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا،عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے درخواست گزار کے والد مرحوم نواز کھوکھر نے بطور ایم این اے 8 مارچ 1987 کو اسلحہ لائسنس لیا، پاکستان آرمز رولز 41 کے مطابق وہ اسلحہ لائسنس جو کمپیوٹرائزڈ نہیں ہوئے تھے، عموماً منسوخ تصور کیے جاتے ہیں،فیصلے کے مطابق رکن قومی اسمبلی پر یہ اصول لاگو نہیں ہوتا، درخواست گزار کا لائسنس منسوخ تصور نہیں ہوگا،پاکستان آرم رولز کے تحت درخواست گزار کو ان کے لائسنس کی ڈپلیکیٹ کاپی فراہم کی جائے۔