سینٹ : کم عمر شادی پر پابندی، خواتین کو مساوی حقوق دینے کی قرارداد منظور

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سینٹ نے کم عمر شادی پر پابندی، خواتین کو مساوی حقوق دینے کی قرارداد منظور کرلی،غیرت کے نام پر قتل کی سزائیں سخت کرنے کا مطالبہ بھی کردیا۔

سینٹ کا اجلاس چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ہوا، یوم نسواں پر سینٹ میں قرارداد پیش کی گئی جو کہ سینیٹر شیری رحمن نے پیش کی،قرارداد میں کہا گیا خواتین کی معاشی ترقی کےلئے حکومت کردار ادا کرے، خواتین کی کم عمری میں جبراً شادی کو روکا جائے، خواتین کو ملازمتوں میں برابر کی تنخواہیں اور مواقع دئیے جائیں، خواتین کو زراعت سے متعلق سہولیات دی جائیں، خواتین کو ہنر کی تعلیم فراہم کی جائے، خواتین کو کاروبار سے متعلق سہولیات فراہم کی جائیں، خواتین کو اپنی صحت پر فیصلوں کا حق دیا جائے۔

قرارداد میں کہا گیا خواتین کو قانونی حقوق اور انصاف کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے، صنفی بنیاد پر تشدد اور کام کی جگہ پر ہراسانی کےخلاف سخت کارروائی کی جائے، غیرت کے نام پرجرائم پر ملزمان کےخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور سخت سزائیں دی جائیں، خواتین کی قیادت، کاروبار میں شمولیت بڑھانے کےلئے سکالرشپ اور رہنمائی پروگرام متعارف کرائے جائیں، خواتین کےلئے محفوظ ٹرانسپورٹ، چائلڈ کیئر اور ڈیجیٹل وسائل کی دستیابی یقینی بنائی جائے، خواتین کو زراعت اور خوراک کی پیداوار میں شامل کرنے کےلئے زمین کے حقوق اور مالی معاونت دی جائے۔