صحافی کابے رحمی کےساتھ قتل، حکومت فیملی کو کیوں سپورٹ نہیں کر رہی،آئینی بنچ


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئینی بنچ نے ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس میں وفاقی حکومت کی جانب سے کینیا کےساتھ باہمی قانونی امداد کے معاہدے کی توثیق کےلئے وقت مانگنے پر پیشرفت میں سست روی پر سخت سوالات اٹھا دئیے۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6رکنی آئینی بنچ نے ازخود نوٹس کیس پرسماعت کی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل میں کہا ایک ماہ میں صدر سے معاہدے کی توثیق کرا لی جائے گی،جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا 10 دسمبر کو معاہدہ ہوا اب تک توثیق کیوں نہیں ہو سکی؟ جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا کیا آپ سے روزانہ کی بنیاد پر پیشرفت رپورٹ مانگیں؟،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے 3ماہ بعد بھی وقت مانگا جا رہا ہے،جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دئیے بے رحمی کےساتھ جانے پہنچانے صحافی کو قتل کیا گیا، حکومت پاکستان کینیا میں صحافی کی فیملی کو کیوں سپورٹ نہیں کر رہی،جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دئیے وفاقی حکومت کینیا میں جاکر فریق بن سکتی ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا پاکستان کا کینیا کےساتھ باہمی تعاون کی یادداشت کا معاہدہ ہوگیا، معاہدے پر عملدرآمد اور کچھ ضروری کارروائی کےلئے ایک مہینے کا وقت درکار ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے اتنا عرصہ گزر جانے کے بعد آپ ابھی بھی وقت مانگ رہے ہیں،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا 27 فروری کو وزارت داخلہ کو کارروائی آگے بڑھانے کےلئے لکھا، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا دسمبر میں آخری سماعت کے بعد آپ نے فروری میں ہی کیوں وزارت داخلہ کو لکھا۔

جوائنٹ سیکرٹری داخلہ نے کہا وزارت خارجہ کو باہمی قانونی تعاون کےلئے نوٹ لکھا ،جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دئیے اب سے روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں،جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے جے آئی ٹیز کے حق میں نہیں ،اتنا عرصہ گزر گیا پھر بھی ارشد شریف کیس میں اتنی تاخیر کیوں ہوئی،جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا صدر کو سمری کس نے بھیجنی ہے؟۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا وزارت داخلہ کابینہ کی منظوری کے بعد صدر کو سمری ارسال کرے گی اور وزارت داخلہ سے میرا رابطہ نہیں ہو پا رہا، جسٹس علی مظہر نے کہا وزارت داخلہ کے افسر تو آپ کے ساتھ کھڑے ہیں،وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری نے کہا27 فروری کو کابینہ منظوری کے بعد وزارت خارجہ کو نوٹ بھجوا دیا ،جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا معاہدے کی منظوری صدر نے دینی ہے تو کیا صدر مسترد بھی کر سکتے ہیں؟ قانونی مشیر وزارت خارجہ نے کہا کوئی تبصرہ نہیں کر سکتا،وکیل جویریہ صدیق نے دلائل میں کہا کینیا کی ہائی کورٹ نے قتل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا، کینیا کی حکومت نے فیصلے کےخلاف اپیل کر رکھی ہے، حکومت پاکستان کیس میں فریق بنی اور نہ کوئی سپورٹ کی۔

جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا خاتون اکیلی کینیا میں کیس لڑ رہی ہے تو حکومت کو ساتھ دینے میں کیا مسئلہ ہے؟،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل میں کہا حکومت کو جائے وقوعہ تک رسائی نہیں مل رہی، فریق بننے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا کیونکہ تفتیش کےلئے رسائی ضروری ہے اور رسائی اسی صورت میں ممکن ہوگی جب باہمی قانونی معاہدہ ہوگا، پاکستان میں 30 سے زائد افراد کے بیان ریکارڈ ہوچکے ،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے کئی سال سے از خود نوٹس زیر التوا ہے۔

وکیل والدہ ارشد شریف نے کہا حکومت نے معاملے پر فیکٹ فائنڈنگ کرائی تھی، استدعا ہے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کی کاپی فراہم کی جائے،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہافیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میڈیا میں آنے سے پہلے ہی سارا مسئلہ بنا ہوا ہے،سپریم کورٹ نے سماعت ایک ماہ تک کےلئے ملتوی کر دی۔