امریکہ کےساتھ معاہدہ نہیں پھر بھی بندہ پکڑ کر حوالے کردیا،ہائیکورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)عافیہ صدیقی وطن واپسی کیس کی سماعت کے دوران جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے استفسار کیا امریکہ کےساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ نہیں پھر بھی بندہ پکڑ کر حوالے کردیا۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے عافیہ صدیقی کی صحت یابی اور وطن واپس لانے کی درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت وفاقی حکومت کی جانب سے عافیہ صدیقی کی رہائی درخواست فوری نمٹانے کےلئے متفرق درخواست دائر کی گئی، عدالت نے نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

دوران سماعت پاکستان کے ہاتھوں گرفتار داعش کمانڈر شریف کی امریکہ حوالگی کا تذکرہ بھی ہوا، جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کہتے ہیں امریکہ کےساتھ قیدیوں کے تبادلے کا کوئی معاہدہ نہیں،آپ نے بغیر کسی ایگریمنٹ بندہ پکڑ کر امریکہ کے حوالے کر دیا،شکیل آفریدی کو امریکہ حوالگی پر آپ کو ان کیمرہ آگاہ کرنے کا موقع بھی دیا گیا، ڈکلیئریشن آئے، حکومت کو جواب کا کہا گیا، حکومت کی جانب سے غیر تسلی بخش جواب دیا گیا اب حکومت عافیہ صدیقی کی درخواست کو نمٹانے کا کہہ رہی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دئیے آپ سادہ الفاظ میں کہہ رہے ہیں کیس سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم نے خط لکھنا تھا لکھ دیا،ویزا چاہیے تھا دے دیا، آپ نے جو کرنا تھا کر دیا، ایسا رویہ اپنانے سے پوری دنیا کو پتہ لگ جائے گا حکومت پاکستان نے کیا کیا، آپ نے کیا تیر مارے،جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہا پچھلی سماعت پر اٹارنی جنرل آفس کو کہا تھا حکومت کو تجاویز دیں اور عدالت کو بھی آگاہ کریں لیکن آپ کہہ رہے ہیں کیس ختم کریں،بعد ازاں عدالت نے متفرق درخواست پر نوٹس جاری کرکے سماعت آئندہ جمعہ تک ملتوی کر دی۔