وزیراعظم ، اماراتی وفد ملاقات، سرمایہ کاری کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے وفاق ، صوبوں کے تعاون سے ہی پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن ہو گا۔

شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم پر جائزہ اجلاس ہوا،وزیراعظم نے پولیو کیسز کی بروقت شناخت ،منفی رجحان پرتمام صوبوں کی انتظامیہ کو سراہا،شہباز شریف نے کہا فروری 2025 میں پولیو کیسز میں منفی رجحان انسداد پولیو مہم کے موثر ہونے کی سند ہے،پولیو کے مکمل خاتمے کےلئے پر عزم ہیں،پولیو کیسز میں بتدریج کمی تمام صوبوں کی انتھک محنت کی بدولت ممکن ہوئی،وفاق ،صوبوں کے تعاون سے ہی ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

وزیراعظم نے پولیو ڈیٹا کو ڈیجیٹلائز کرنے اور سخت مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پولیو مہم کے دوران سکیورٹی فورسز کے تعاون کو سراہا۔

دریں اثناشہباز شریف سے وزرائے مملکت عبد الرحمن کانجو، طلال چودھری ،معاون خصوصی ہارون اختر نے الگ الگ ملاقات کی،وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا حصہ بننے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا،کابینہ اراکین نے اعتماد ظاہر کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزرا سردار اویس لغاری ،مصدق ملک ،لیگی رہنما اختیار ولی بھی ملے، ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال ودیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،شہبازشریف نے اختیار ولی کو خیبر پختونخوا میں پارٹی معاملات پر عوامی رابطے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات اور الیریا گروپ کے 8رکنی وفد نے ملاقات کی،سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا،شہباز شریف نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا پاکستان ، متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں،پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت سرمایہ کاری دوست ماحول کی فراہمی کےلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے،مفاہمتی یادداشت کے مطابق متحدہ عرب امارات پاکستان کے سپیشل اکنامک زونز میں متعدد منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔

وفد نے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت پاکستان کے معاشی استحکام کی تعریف کرتے ہوئے کہاپاکستان خطے میں سرمایہ کاری کےلئے موزوں ترین مارکیٹ بن کر ابھر رہا ہے، وفد نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔