لاہور ،اسلام آباد: (کورٹ رپورٹر،بیورورپورٹ)لاہور ہائیکورٹ نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کےخلاف درخواستوں پر پنجاب حکومت اور پی ٹی اے سے جواب طلب کر لیا ۔
جسٹس فاروق حیدر نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کےخلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی،دوران سماعت وفاقی حکومت کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا ،حکومت پنجاب ،پی ٹی اے کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر عدالت نے اظہار برہمی کیا،پی ٹی اے کے وکیل نے استدعا کی جواب جمع کرانے کیلئے مزید مہلت دی جائے، جسٹس فاروق حیدر نے واضح کیا اگر آئندہ سماعت پر فریقین کی جانب سے جواب نہ آیا تو قانون اپنا راستہ لے گا،بعدازاں عدالت نے پی ٹی اے ، حکومت پنجاب سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔
دوسر ی جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیکا قانون کےخلاف درخواست پر اٹارنی جنرل کو معاونت کیلئے طلب کر لیا، جسٹس انعام امین منہاس نے پوٹھوہار یونین آف جرنلسٹس کی پیکا قانون ترمیم 2025 کے خلاف درخواست پر سماعت کی،جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیئے اس طرح کی اور درخواستیں بھی ہیں اس پر بھی آرڈر کر دیتے ہیں،بعدازاں عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔
پیکا ایکٹ پر پنجاب حکومت ، پی ٹی اے سے جواب طلب



















