امریکی صدر کا بیان پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف ہے،شہبازشریف

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے امریکی صدر کا بیان دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف ہے،خطے میں امن و استحکام کےلئے قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا افغانستان میں انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار ، حمایت کو تسلیم کرنے اور سراہنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں،پاکستان ہمیشہ انسداد دہشتگردی کوششوں میں کلیدی کردار ادا کرتا رہا ہے تاکہ دہشتگردوں اور شدت پسند گروہوں کو محفوظ پناہ گاہوں سے محروم کیا جا سکے اور کسی بھی ملک کےخلاف کارروائیوں کو روکا جا سکے۔

شہباز شریف نے کہا پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کےلئے اپنی جدوجہد میں ثابت قدم اور پرعزم ہے،مقصد کےلئے پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دیں،80ہزار سے زائد بہادر فوجیوں ، شہریوں کی جانوں کا نذرانہ شامل ہے،پاکستان کی قیادت ، عوام کا عزم غیر متزلزل ہے ،ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کےلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے، پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام کےلئے امریکہ کےساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھے گا۔