نوشہرہ،مدرسہ حقانیہ اکوڑہ خٹک میں خودکش دھماکہ،مولانا حامد الحق سمیت 8 افراد شہید

نوشہرہ،کوئٹہ،اسلام آباد: (بیورورپورٹ)مدرسہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں خودکش دھماکہ،جے یو آئی س کے سربراہ اور مدرسے کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی سمیت 8 افراد شہید،متعدد زخمی ہوگئے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقارا حمد نے خودکش دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاحملے کا ہدف جامعہ حقانیہ کے سربراہ مولانا حامد الحق حقانی ہی تھے،ڈپٹی کمشنر نوشہرہ عرفان محسود نے کہا مولانا حامدالحق کو نماز کے بعد گھر جاتے ہوئے مسجد کے خارجی راستے پر نشانہ بنایا گیا،ہسپتال منتقل کیا گیا مگر جانبر نہ ہو سکے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ نماز جمعہ کے بعد مسجد کے مرکزی ہال میں ہوا،اطلاع ملتے ہی پولیس،ریسکیو ٹیمیں فوری پہنچیں ، لاشوںاورزخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا،ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی،متعدد زخمیوں کی حالت نا زک ہونے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کاخدشہ ہے،سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیر ے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہابےگناہ نمازیوں کو نشانہ بنانا مذموم اور گھناونا عمل ہے، دہشتگرد ملک و قوم ،اِنسانیت کے دشمن ہیں،بزدلانہ اورمذموم کارروائیاں دہشتگردی کیخلاف عزم پست نہیں کرسکتیں، ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےلئے پرعزم ہیں۔

شہبازشریف نے دھماکے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی ،وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہاحکام تمام پہلووں کا جائزہ لے کر مکمل رپورٹ پیش کریں،دہشتگردوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

ادھر کوئٹہ کے گنجان آباد علاقے جان محمد روڈ پر ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکے میں سکیورٹی اہلکار سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے،ڈی ایس پی گوالمنڈی انور علی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاجان محمد روڈ پر دھماکہ ایف سی قافلے کے قریب ہوا ،گاڑی سمیت 5 سے زائد دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ،زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ اور ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا، ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیے گئے دھماکے میں2 سے 3 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔