اسلام آباد: (بیورورپورٹ)عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دئیے ہیں حادثات میں اموات دہشتگردی یا بیماری سے مرنے والوں سے زیادہ ہیں۔
بھاری گاڑیوں اور اوورلوڈنگ کےخلاف کیس پر سماعت 5 رکنی آئینی بنچ نے کی،وکیل بیرسٹر ظفر نے دلائل دیئے اصل ایشو گاڑیوں کی اوور لوڈنگ کے مقام کا ہے، جب تک لوڈنگ کے مقامات کےخلاف ایکشن نہیں ہو گا کنٹرول نہیں ہوسکتا،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا حادثات سے مرنےوالوں کی تعداد دہشتگردی یا بیماریوں سے مرنے والوں سے زیادہ ہے، کیا حکومت کے پاس حادثات سے مرنے والوں کی تعداد موجود ہے؟ سارا مسئلہ ہی قانون پر عملدرآمد کا ہے۔
جسٹس حسن اظہر نے ریمارکس دئیے پورٹ قاسم ، کورنگی ،انڈسٹریل ایریا کی سڑکوں میں 2 ،2 فٹ کے گڑھے حادثات کا باعث بنتے ہیں، سرکاری وکیل نے کہا بہت سارے قوانین تبدیل کر کے جرمانے بڑھائے گئے ،جسٹس امین الدین خان نے کہا کیس پر تفصیلی حکم جاری کریں گے، کیس زیر التوا رہے گا، جسٹس علی مظہر نے کہا صوبائی حکومتوں ، تمام سٹیک ہولڈرز کےساتھ ملکر اوورلوڈنگ کے مسئلے کو حل کرنا ہے۔
حادثات میں اموات دہشتگردی یا بیماری سے مرنے والوں سے زیادہ ہیں، سپریم کورٹ
















