عافیہ صدیقی کے بدلے شکیل آفریدی کی حوالگی تجویز قابل عمل نہیں،حکومت

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)عافیہ صدیقی کی رہائی کے بدلے شکیل آفریدی کی حوالگی تجویز قابل عمل نہیں،حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کر دیا۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کیس پر سماعت کی،وفاقی حکومت کے وکیل ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے آگاہ کیا، تجویز عافیہ صدیقی کے امریکی وکیل کلائیو سمتھ نے دی تھی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل میں کہا عافیہ صدیقی کی امریکی عدالت میں دائر پٹیشن کے ڈرافٹ میں شامل کچھ باتوں پر تحفظات ہیں،جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ریمارکس دئیے عافیہ صدیقی کی پٹیشن حمایت سے پیچھے ہٹنے کے حکومتی بیان نے عدالت کو حیرت میں ڈال دیا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل حکومت سے ہدایات لےکر بتائیں امریکی عدالت میں دائر عافیہ صدیقی کی پٹیشن پر کیا اعتراض ہے، عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایات لے کر اگلے جمعہ تک جواب طلب کرلیا،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل میں کہا شکیل آفریدی ،عافیہ صدیقی دونوں پاکستانی ہیں، پاکستان امریکہ میںقیدیوںکے تبادلے کا کوئی معاہدہ نہیں،جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے استفسار کیا ،شکیل آفریدی امریکہ کےلئے کیوں اہم ہیں، شکیل آفریدی کے کیس کا سٹیٹس کیا ہے؟ ۔

عدالتی معاون زینب جنجوعہ نے کہا شکیل آفریدی سزا یافتہ ہیں اور اپیل پشاور ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے،فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق نے کہاشکیل آفریدی پر جاسوسی سمیت معاونت کا الزام ہے،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا 19 فروری کو جواب جمع کرا دیا ، جوبائیڈن نے درخواست مسترد کر دی لیکن خط کا جواب نہیں دیا،جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ریمارکس دئیے وائٹ ہاوس نے خط کا جواب ہی نہیں دیا بلکہ تسلیم بھی نہیں کیا، سفارتی اقدار کیا ہیں اگر کوئی ملک دوسرے کو خط لکھتا ہے تو کیا ہوتا ہے،عدالت نے سماعت اگلے جمعہ تک ملتوی کر دی۔