اسلام آباد ہائیکورٹ میں سنیارٹی کے معاملے پر قانونی جنگ، 5 ججوں نے وکیل کرلئے

اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججوں کی سنیارٹی کے معاملے پر قانونی جنگ کا آغاز ہوگیا، سنیارٹی کے خلاف ریپریزنٹیشن مسترد کرنے کا فیصلہ آج یا کل سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائیگا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججوں کی سنیارٹی کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا، وفاقی دارالحکومت کی عدالت عالیہ کے 5 ججوں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے سینئر وکلا منیر اے ملک اور بیرسٹر صلاح الدین کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

سنیارٹی کے خلاف ریپریزنٹیشن مسترد کرنے کا فیصلہ آج یا کل سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا جائیگا، پانچوں ججوں کی جانب سے سینئر وکلا منیر اے ملک اور بیرسٹر صلاح الدین کیس کی پیروی کریں گے۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے نظر ثانی شدہ سنیارٹی لسٹ میں ججوں کے عہدوں کو کم کرنے کا جواز پیش کرتے ہوئے گزشتہ فیصلوں پر اعتماد کا اظہار کیا تھا جس میں بھارتی سپریم کورٹ کا ایک فیصلہ بھی شامل ہے جس میں تقرریوں سے تبادلوں کو الگ کیا گیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کی جانب سے سنیارٹی لسٹ میں ترمیم کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی تھی۔ یہ فیصلہ ججوں کے تبادلے اور سنیارٹی سے متعلق آئینی دفعات اور عدالتی مثالوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد جاری کیا گیا تھا۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا، جب وزارت قانون و انصاف نے یکم فروری کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا، جس میں 3 موجودہ ججوں جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف کا انکے متعلقہ ہائیکورٹ سے اسلام آباد ہائیکورٹ تبادلہ کیا گیا تھا۔