اسلام آباد :(بیورورپورٹ)جسٹس امین الدین خان نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ملٹری ٹرائل کے فیصلوں کےخلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کے دوران لطیف کھوسہ سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کیس میں سپریم کورٹ انڈر ٹرائل نہیں ، عدالت نے آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کی ،اعتزاز احسن نے سلمان اکرم راجہ کے گزشتہ روز کے دلائل پر اعتراض کرتے ہوئے کہاسلمان اکرم راجہ نے جسٹس منیب اختر کے فیصلے سے اختلاف کیا تھا، میں نے سلمان اکرم راجہ کو ایسی کوئی ہدایت نہیں دی ، جسٹس منیب اختر کے فیصلے سے مکمل اتفاق کرتا ہوں،جسٹس علی مظہر نے کہا اعتراض شاید صرف آرٹیکل 63 اے والے فیصلے کے حوالے پر ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا جسٹس منیب کے فیصلے کے صرف ایک پیراگراف سے اختلاف کیا ، دلائل ارزم جنید کی جانب سے دیئے ،قائم ہوں، میڈیا میں تاثر دیا گیا جیسے پتہ نہیں میں نے کیا بول دیا، آپ کے سوال کو سرخیوں میں رکھا گیا عالمی قوانین میں سویلینز کے کورٹ مارشل کی ممانعت نہیں،جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا جو سوال پوچھا وہ سب کے سامنے ہے، سوشل میڈیا نہ دیکھا کریں ہم بھی نہیں دیکھتے، سوشل میڈیا کو دیکھ کر اثر لینا ہے نہ متاثر ہو کر فیصلے کرنے ہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے میڈیا کو بھی رپورٹنگ میں احتیاط کرنا چاہیے،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا میرے خلاف بہت خبریں لگتی ہیں بہت دل کرتا ہے جواب دوں لیکن میرا منصب اجازت نہیں دیتا جواب دوں،سلمان اکرم راجہ نے کہا بغیر کسی معذرت کے اپنے دلائل پر قائم ہوں، جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے سوال تو صرف مختلف زاوئیے سمجھنے کیلئے کرتے ہیں، ہو سکتا ہے آپ کے دلائل سے متفق ہوں،اعتزاز احسن نے اپنی درخواست کا نمبر تبدیل ہونے پر اعتراض اٹھایا اور کہا میری درخواست پہلے دائر ہوئی تھی،اعتزاز احسن نے کہا جواد ایس خواجہ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ہیں، جواد ایس خواجہ کی بعد میں دائر درخواست کو میرا کیس نمبر الاٹ کردیا گیا،جسٹس امین الدین خان نے کہا ایسا نہ کریں ایسی باتوں سے اور کہیں پہنچ جائیں گے، لطیف کھوسہ نے کہا پوری قوم کی نظریں کیس پر ہیں، کیس کی وجہ سے سپریم کورٹ انڈر ٹرائل ہے، جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے سپریم کورٹ انڈر ٹرائل نہیں ، عدالت نے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔
لطیف کھوسہ نے کہا عدالتی فیصلوں کا تاریخ پھر جائزہ لیتی ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے لطیف کھوسہ صاحب آپ کا چشمہ آگیا ، قانونی نکات پر دلائل شروع کریں، پہلے سیکشن ٹو ڈی کی قانونی حیثیت پر دلائل دیں،جسٹس امین الدین خان نے کہا سیکشن ٹو ڈی کو 9 اور 10 مئی کیساتھ مکس نہ کریں، پہلے سیکشن کی آزادانہ حیثیت کا جائزہ پیش کریں، سیکشن ٹو ڈی کا 9 یا 10 مئی پر اطلاق ہوتا ہے یا نہیں،لطیف کھوسہ نے موقف اپنایا آئین میں بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کیا گیا ، سیکشن ٹو ڈی برقرار نہیں رکھا جا سکتا، ملٹری کورٹس کی تشکیل کو تاریخی تناظر میں دیکھنا ہوگا،سیکشن ٹو ڈی کا قانون 1967 میں لایا گیا، سیکشن ٹو ڈی کی وجہ سے پاکستان ٹوٹ گیا، ملک ٹوٹ کر دوسرا حصہ بنگلہ دیش بن گیا، حمود الرحمن کمیشن رپورٹ میں لکھا گیا وہاں ادارے کیخلاف نفرت پیدا ہوئی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کیا آئین میں قانون سازی کرنے پر کوئی ممانعت ہے؟ ،لطیف کھوسہ نے مو¿قف اپنایا ملٹری کورٹس کیلئے 21 ویں ترمیم کرنا پڑی، سویلینز کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل نہیں ہو سکتا، ملٹری ٹرائل میں ججز ، ٹرائل آزاد نہیں ہوتا اس لیے 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی بات کی گئی،جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے کھوسہ صاحب آپ پھر دوسری طرف چلے گئے ، میں کسی جماعت کی نمائندگی نہیں کر رہا، لطیف کھوسہ نے کہاساری عمر قانون کی حکمرانی کی جدوجہد کی ، سیکشن ٹو ڈی اسلامی تعلیمات کے منافی ہے، ملٹری ٹرائل خفیہ کیا جاتا ہے،جسٹس امین الدین خان نے کہا خواجہ حارث نے بتایا شفاف ٹرائل کا پورا طریقہ کار ہے، پروسیجر اگر فالو نہیں ہوتا تو وہ الگ ایشو ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کھوسہ صاحب تاریخ میں جائیں تو آپ کی بڑی لمبی پروفائل ہے، آپ وفاقی وزیر، سینیٹر، رکن اسمبلی، گورنر اور اٹارنی جنرل رہ چکے ہیں، آپ نے عہدوں پر رہتے ہوئے ٹو ڈی سیکشن ختم کرنے کےلئے کیا قدم اٹھایا؟ ہماری طرف سے بے شک پارلیمنٹ سیکشن کو ختم کردے،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا پارلیمنٹ میں آپ کچھ اور بات یہاں کچھ اور بات کرتے ہیں، فوجی عدالتیں بعد میں بنیں، سقوط ڈھاکہ کی وجوہات کچھ اور تھیں،لطیف کھوسہ نے کہا آپ کے سامنے ہے 26 ویں ترمیم کیسے پاس ہوئی، فیصلہ دیں فیصلے پر عملدر آمد کرائیں گے، سویلینز کا ٹرائل ختم کرنے پر عوام آپ کے شیدائی ہو جائیں گے، 26 ویں ترمیم کیلئے زبردستی ووٹ ڈلوائے گئے۔
جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے 26 ویں ترمیم پر کس رکن نے استعفیٰ دیا؟ ،لطیف کھوسہ نے کہا اختر منگل نے رکن اسمبلی سے استعفیٰ دیا،جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے سقوط ڈھاکہ کی وجہ صرف ملٹری ٹرائلز نہیں تھے، ملٹری ٹرائلز تو بہت آخر میں ہوئے ہوں گے، وجوہات اور بھی تھیں،لطیف کھوسہ نے کہا مضبوط فوج چاہتے ہیں جس کےساتھ عوام بھی کھڑی ہو، چاہتے ہیں فوج ٹرائلز کے معاملے سے باہر نکلے، آرٹیکل 175 کیخلاف تمام قانون سازی کالعدم ہوتی رہی ہے،جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا 21 ویں ترمیم میں فوجی عدالتوں کو کالعدم کیوں نہیں قرار دیا گیا؟ ۔
لطیف کھوسہ نے کہا اکیسویں ترمیم کو جنگی صورتحال اور 2سال کی مدت کی وجہ سے کالعدم قرار نہیں دیا گیا،جسٹس جمال مندوخیل نے سوال اٹھایا کیا 4 سال فوجی عدالتیں قائم رہنے سے دہشتگردی ختم ہو گئی؟ لطیف کھوسہ نے کہا اخبار میں خبریں دیکھ کر شرم آئی لوگوں کو چن چن کر گولیاں ماری گئیں، سندھی، پنجابی، بلوچی اور پٹھان کی تفریق سے نکلنا ہو گا، بدقسمتی سے اٹھارہویں ترمیم سے بھی صوبائیت کو ہوا ملی، فوج آئینی دائرے میں رہتے ہوئے دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ کرے، عدالت فوج کو ٹرائلز سے نکال کر احترام کرائے،دنیا میں جہاں بھی سازش ہوئی پہلے فوج کو عوام سے دور کیا گیا، سب ادارے آئین کے دائرے میں رہیں تو مسئلہ حل ہو جائے گا، اتنی بڑی فوج ہے پھر بھی دہشتگردی کیوں ختم نہیں ہو رہی؟،جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے آپ ایم این اے ہیں ، باتیں پارلیمنٹ میں کریں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا مسائل پارلیمنٹ کے حل کرنے والے ہیں ،لطیف کھوسہ نے کہا اسمبلی میں بولنے لگتا ہوں تو مائیک بند کر دیا جاتا ہے،جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے آپ 26 ویں ترمیم منظور کرتے ہیں پھر کہتے ہیں کالعدم قرار دیں، لطیف کھوسہ نے کہا اسمبلی میں تو سارجنٹ ایٹ آرمز کے ذریعے اٹھوا کر باہر پھینک دیا جاتا ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کیا آپ نے آئینی ترمیم کی مخالفت میں ووٹ دیا؟،لطیف کھوسہ نے جواب دیا پی ٹی آئی نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے آپ کا کام مخالفت کرنا تھا، اپنا کردار تو ادا کرتے، خیر چھوڑیں سیاسی بات ہو جائے گی،بعدازاں سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بنچ نے سماعت ملتوی کر دی۔
کیس میں انڈر ٹرائل نہیں،21 ویں ترمیم میں فوجی عدالتوں کو کالعدم کیوں قرار نہیں دیا گیا؟،آئینی بنچ
















