اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے ریفرنس جب آئے گا تب دیکھی جائے گی کچھ غلط کیا ہی نہیں تو ریفرنس کا ڈر کیسا۔
سپریم کورٹ میں نئے ججز کی تقریب حلف برداری کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کسی سے کوئی ذاتی عناد یا اختلاف نہیں، تمام ججز کےساتھ ملاقات ہوتی ہے ،اکٹھے چائے بھی پیتے ہیں لیکن کمرے میں موجود ہاتھی کسی کو نظر نہ آئے تو کیا کہہ سکتے ہیں۔
صحافی نے سوال کیا کہا جاتا ہے آپ لوگ کام نہیں کرتے ؟ ،جسٹس منصور علی شاہ نے جواب دیا مقدمات نمٹانے کی شرح دیکھ لیں، کس کے کتنے فیصلے قانون کی کتابوں میں شائع ہوئے سب سامنے ہے، تمام ریکارڈ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر موجود ہے، ابھی تو حلف برداری کے بعد چائے پینے آیا ہوں۔
ریفرنس کے سوال پر سینئرترین جج نے کہاریفرنس جب آئے گا تب دیکھی جائے گی، کچھ غلط کیا ہی نہیں تو ریفرنس کا ڈر کیوں ہونا، ہار نہیں مانیں گے، لڑتے ہوئے جائیں گے، اللہ مالک ہے، ڈرے تو وہ جس نے کچھ کیا ہو۔
دریں اثنا جسٹس سید منصور علی شاہ کو فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی مشیر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا،جسٹس منصور علی شاہ گزشتہ ایک سال سے ایف جے اے مشیر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
ریفرنس کا ڈر کیسا، ہار نہیں مانیں گے، لڑتے ہوئے جائیں گے، جسٹس منصور



















