کراچی:(بیورورپورٹ) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے نویں کثیر القومی بحری مشق امن 2025 میں شریک ممالک کے بحری جہازوں کا دورہ کیا، غیر ملکی بحری جہازوں پر سینئر افسران، کمانڈنگ آفیسرز نے نیول چیف کا پرتپاک استقبال کیا اور چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
بات چیت کے دوران ایڈمرل نوید اشرف نے کہا پاکستان سمندری سکیورٹی اور امن و امان کےلئے مشترکہ کوششوں پر یقین رکھتا ہے، اسی جذبے کے تحت پاک بحریہ ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول اور کثیر القومی مشق امن جیسے اقدامات کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل اپنا کردار ادا کر رہی ہے، امن مشق خطے میں امن کے قیام، علاقائی بحری سلامتی اور بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانے کےلئے پاکستان کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
نیول چیف نے مزید کہا امن مشق سے شروع ہونے والا تعاون اور شراکت داری مستقبل میں مزید فروغ پائے گی اور ہمیں امن اور خوشحالی کے باہمی مقصد کے قریب لائے گی، انہوں نے”امن کےلئے متحد“کے مشترکہ عزم کو پورا کرنے کےلئے امن مشق میں ان ممالک کی شرکت کو سراہا۔
پاکستان سمندری سکیورٹی، امن و امان کےلئے مشترکہ کوششوں پر یقین رکھتا ہے، نیول چیف
















