ملک دوبارہ پاﺅں پر کھڑا،بس چلے تو ٹیکس فوری 15 فیصد کم کردوں:وزیراعظم

لاہور:( خبر نگار، اپنے رپورٹر سے)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے ملک دوبارہ پاﺅں پر کھڑا،امید سامنے آگئی ،اب معاشی نمو کےلئے آگے بڑھنا ہو گا،مشکل فیصلے کرلیے مگر آگے کاسفر بھی آسان نہیں،بس چلے تو ٹیکس فوری 15 فیصد کم کردوں،حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں ،سرمایہ کاروں، صنعتکاروں کی مشاوت سے پالیسیاں بنیں گی۔

”یوم تعمیر و ترقی “کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاحکومتی معاشی ٹیم کی ایک سال کی شبانہ روز محنت سے قومی معیشت نے استحکام حاصل کرلیا،ملک ترقی کے سفر پر گامزن ہے، ایک سال میں اندھیروں سے روشنی کی جانب سفر اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے، پاکستان کو مضبوط ، اقوام عالم میں عظیم ملک بنائیں گے ،جون 2023میںملک ڈیفالٹ کے دہانے ، مہنگائی کا طوفان برپا،عوام انتہائی مشکلات کا سامنا کر رہے تھے،ستمبر میں آئی ایم ایف کےساتھ 7 ارب ڈالر کا معاہدہ کرکے ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچایا،پائیدار ترقی و پیشرفت کی جانب بڑھنے کےلئے تیار ہےں،تنخواہ دار طبقے نے مجموعی طور پر 300 ارب ٹیکس ادا کیا جو خصوصی خراج تحسین کے لائق ہےں۔

وزیراعظم نے کہاافراط زر کی شرح 40 سے کم کرکے 2.4 فیصد کردی ،پالیسی ریٹ میں کمی آئی،کاروباری برادری معیشت کے استحکام کےلئے حکومتی کوششوں کی حمایت کرے،حکومت پالیسی سازی کے عمل میں تاجر برادری کو مکمل طور پر شامل کرے گی کیونکہ نجی شعبے سے مشاورت کے بغیر معاشی ترقی حاصل نہیں کی جاسکتی،حکومت سرحدپار سمگلنگ کی روک تھام کےلئے بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہے۔

شہبازشریف نے کہاقانونی طور پر افغانستان کو چینی برآمد کرکے حکومت نے211 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیا بصورت دیگر قیمتی آمدنی سمگلروں کے ہاتھوں میں چلی جاتی،سمگلنگ کی روک تھام میں پاک فوج ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سنجیدہ و مخلصانہ کاوشوں کو سراہتے ہیں،بڑے پیمانے پر نجکاری کے عمل کی جانب بڑھ رہے ہیں کیونکہ کاروباری سرگرمیوں میں حکومت کا کوئی کردار نہیں،دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے بغیر ملک ترقی و خوشحالی کے اہداف حاصل نہیں کر سکتے۔

وزیراعظم نے کہاملک کو امن، استحکام، اتحاد، خوشحالی و معاشی ترقی کی ضرورت ہے ،معاشرے کے تمام طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو مل کر کام کرنا ہوگا،حکومت کا حال ہی میں شروع کیا گیا اڑان پاکستان پروگرام کامیاب ہوکرتمام مقررہ اہداف حاصل کرے گا،پاکستان دوبارہ ٹیک آف کی پوزیشن میںآگیا،ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑے ملکی معیشت کی صورت حال آپ کے سامنے ہے، عالمی ریٹنگ ایجنسیز معیشت کو مثبت قرار دے رہی ہیں۔

شہبازشریف نے کہامیرا بس چلے تو ٹیکس فوری 15 فیصد کم کردوں، مشکل فیصلے کر لیے لیکن آگے کا سفر بھی اتنا آسان نہیں، مایوس ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ، ملک کو قابل فخر پوزیشن پر لے جائیں گے، پہلی حکومت اداروں کےساتھ ملکرکام کر رہی ہے،افواج پاکستان دہشتگردی کےخلاف جنگ میں جانیں قربان کر رہی ہے، ملک میں دوبارہ دہشتگردی کیوں آ رہی ہے ،جواب دینا ہوگا،حکومت نے ایس اوایز نہیں چلانے، سرمایہ کارخریدیں اور چلائیں، حکومت کا کام بزنس کرنا نہیں ،کام نجی شعبے کا ہے، سرمایہ کاروں سے کوئی زیادتی نہیں ہونی چاہیے، اپنے پاو¿ں پر کھڑے ہو چکے اب معاشی نمو کےلئے آگے بڑھنا ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا لوگ مجھے القابات سے پکارتے ہیں لیکن رتی برابر بھی پروا نہیں ، تنخواہ دار طبقے نے معیشت کو پیروں پر کھڑا کرنے کےلئے اپنی بساط سے بڑھ کر کردار ادا کیا ہے،سلام پیش کرتا ہوں،پچھلی حکومت پر کوئی الزام تراشی اور سیاست نہیں کرنا چاہتا ہوں، مجھے راتوں کو نیند نہیں آتی تھی اگر پاکستان ڈیفالٹ کرگیا تو میری قبر پر لکھا جائے گا اس شخص کے دور میں ملک ڈیفالٹ کرگیا۔

وزیر خزانہ سینیٹراورنگزیب نے کہا موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں نے مہنگائی کی شرح کو 40 فیصد سے کم کرکے 2.4 فیصد تک لانے میں کامیابی حاصل کرلی،پالیسی ریٹ میں کمی سے حکومت پر قرضوں کی ادائیگی کا بوجھ کم ہوگیا،ملکی تاریخ میں پہلی بار حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات، رائٹ سائزنگ اور پنشن اصلاحات پر سختی سے عملدرآمد کر رہی ہے۔

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے استقبالیہ خطاب میں کہا معیشت مستقل مزاجی اور پالیسیوں کے تسلسل کے فقدان کی وجہ سے خطے میں پیچھے رہ گئی،اڑان پاکستان پروگرام کے تحت پاکستان 5سال میں 100 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کر لے گا،ہدف کو حاصل کرنے کےلئے برآمدات پر مبنی صنعت کو 24 گھنٹے کام کرنا ہوگا،برآمدی صنعت کو قومی تعطیلات سے مستثنیٰ قراردیا جائے۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا وزیراعظم نے ملک کی خاطر اپنی سیاست قربان کردی،تاجر برادری نے ملکی ترقی کے سفر میں ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا۔

فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی)کے صدر عاطف اکرام شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیر اعظم شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت کی بدولت معیشت بہتر ،سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہورہا ہے، متحد ہو کر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے، کاروباری طبقہ حکومت کے معاشی اقدامات کا معترف ہے۔