بجلی شعبے میں اصلاحات سے قیمتوں میں مزید کمی آئے گی،شہبازشریف

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے بجلی شعبے میں اصلاحات کے مثبت ثمرات سامنے آ رہے ہیں،بجلی چوری کےخلاف مہم تیز کرکے تمام تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں 100 فیصد کمی لائیں گے،بجلی شعبے کی اصلاحات سے گھریلو صارفین ،صنعتوں کیلئے ٹیرف میں مزید کمی آئے گی۔

شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی شعبے میں اصلاحات پر عملدرآمد کیلئے جائزہ اجلاس ہوا،3برس کے اہداف و بجلی شعبے کی کارکردگی پر جامع بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے تمام اصلاحات و منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا7دہائیوں کے بگاڑ کو بہتر کرنے کیلئے وزارت و متعلقہ ادارے تعاون سے کام کر رہے ہیں جو خوش آئند ہے،عوام سے وعدہ کیا تھا کم لاگت ماحول دوست بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے،آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظرثانی سے قومی خزانے کو بچت ، صارف کیلئے بجلی کی قیمت میں کمی ہو رہی ہے،انسداد بجلی چوری مہم سے تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں کمی خوش آئند اور وزارت بجلی و معاون اداروں کی محنت کا نتیجہ ہے۔

شہبازشریف نے کہابجلی تقسیم کار کمپنیوں میں نجی شعبے سے اچھی شہرت کے بورڈ اراکینکی تعیناتی سے کمپنیوں کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے،جلد نجی شعبے سے اچھی شہرت کے بورڈ اراکین تعینات کر دیئے جائیں، بجلی کے ترسیلی نقصانات میں کمی بھی اصلاحات کے مثبت نتائج کا منہ بولتا ثبوت ہے،بجلی شعبے کی اصلاحات سے گھریلو صارف اور صنعتوں کیلئے ٹیرف میں مزید کمی لے کر آئیں گے۔

دریں اثنابین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان کو غیر معمولی موسمیاتی تباہ کاریوں کا سامنا ہے، موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے گورننس، اصلاحات و استعداد کار میں اضافے پر توجہ مرکوز ہے، ریزیلیئنٹ کی تعمیر، انفراسٹرکچر ،پائیدار ترقی میں سرمایہ کاری کیلئے مزید پیشنگوئی، قابل عمل اور گرانٹ پر مبنی مالی مدد کی ضرورت ہے،پاکستان کا گیسوں کے اخراج میں حصہ صرف ایک فیصد لیکن موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔

شہبازشریف نے کہاغیر متوقع موسمیاتی تبدیلیوں سے سیلاب، مسلسل گلیشئرز کا پگھلنا، ہیٹ ویو میں شدت، قحط سالی جیسے مسائل کا سامنا ہے، 2سال قبل سیلاب کے باعث پاکستان کا دوتہائی علاقہ متاثر ہوا،3 کروڑ 30 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ، 1700 افراد جان سے گئے،شدت سے ابھرتا ہوا خطرہ فوری توجہ کا متقاضی ہے،(نیشنل کلائمیٹ چینج پالیسی 2021 اور نیشنل آڈاپٹیشن پلان 2023) میں وضع کیا گیا جو وراثت میں ملا تاہم صرف فریم ورک کافی نہیں، عملدرآمد بھی یقینی بنانا ہو گا،مالی مدد کے بغیر موسمیاتی و گرین اینڈ کلین ٹرانسفارمیشن کا خواب مکمل نہیں ہو سکتا، بریتھ پاکستان کے اقدامات کا مقصد کلین، گرین اور مزید مستحکم پاکستان کو یقینی بنانا ہے۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے سمندری شعبے کی مکمل بحالی کےلئے جامع اصلاحاتی منصوبے کی منظوری دےدی ،پاکستان میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ،اصلاحاتی منصوبے پر مو¿ثر عملدرآمد کےلئے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دےدی گئی،سربراہی وزیر دفاع کریں گے، کمیٹی میں مختلف اداروں کے اعلیٰ افسر شامل ہوں گے، ہر15 روز بعد اجلاس ہوگا، تمام منظور شدہ اقدامات کی نگرانی کی جائے گی،پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی تنظیم نو ،نیشنل پورٹس ماسٹر پلان کی تجدید کی جائے گی اور ملک کی تمام بندرگاہوں کے ٹیرف کو یکساں معیار پر لایا جائے گا، بندرگاہوں کی ڈیجٹلائزیشن اور آبی زراعت سمیت دیگر شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائےگی جبکہ مختلف بندرگاہوں پر نئے ٹرمینلز تعمیر کیے جائیں گے۔