اسلام آباد:(بیورورپورٹ)26ویںآئینی ترمیم کیس کے فیصلے تک سپریم کورٹ میں نئے ججز کی تعیناتی روکی جائے،سپریم کورٹ کے 4 ججز نے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا،خط لکھنے والوں میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔
خط میں 10 فروری کا جوڈیشل کمیشن اجلاس موخر کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا26 ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 10فروری کو شیڈول ہے، لاہور ہائی کورٹ میں جج 15 ویں نمبر پر تھا، اسلام آباد تبادلے کے بعد سپریم کورٹ کےلئے اہل کیسے ہوگیا؟،آئینی پر طور پر مشکوک تبادلے کے بعد ایک جج کیسے سپریم کورٹ کےلئے اہل ہوسکتا ہے؟ قانون واضح جو براہ راست نہیں کیا جا سکتا وہ بلاواسطہ بھی نہیں کیا جا سکتا۔
ججز نے خط میں کہا آئینی ترمیم کیس کے فیصلے تک نئے ججز کی تعیناتی کا عمل روکا جائے، کم از کم آئینی بنچ کی جانب سے فل کورٹ درخواستوں پر فیصلے کا انتظار اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی سنیارٹی طے ہونے تک جوڈیشل کمیشن اجلاس موخر کیا جائے،خط میں کہا گیا26ویں ترمیم کیس میں آئینی بنچ فل کورٹ کا کہہ سکتا ہے، نئے ججز آئے تو فل کورٹ کون سی ہو گی ،تنازع بنے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 ججز ٹرانسفر ہوئے، آئین کے مطابق نئے ججز کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں دوبارہ حلف لازم تھا، حلف کے بغیر اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کا جج ہونا مشکوک ہوجاتا ہے پھر بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں سنیارٹی لسٹ بدلی جا چکی۔
ججز نے خط میں مزید کہا آئینی ترمیم کا کیس ترمیم کے نتیجے میں بننے والا آئینی بنچ سن رہا ہے، آئینی ترمیم کا مقدمہ فوری طور پر فل کورٹ میں مقرر ہونا چاہیے، پہلے بھی آئینی ترمیم کا کیس فل کورٹ میں مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا، آئینی بنچ میں بھی کیس کافی تاخیر سے مقرر کیا گیا ،آئینی ترمیم کیس کی آئندہ سماعت سے قبل ہی نئے ججز کی تعیناتی کےلئے جلدبازی میں اجلاس بلایا گیا،آئینی ترمیم کیس زیر سماعت ہے، ترمیم سے فائدہ اٹھانے والے ججز کے آنے سے عوامی اعتماد متاثر ہوگا، آئینی بنچ اگر فل کورٹ کی درخواستیں منظور کرتا ہے تو فل کورٹ تشکیل کون دےگا؟ اگر فل کورٹ بنتا ہے تو کیا میں ترمیم کے تحت آنے والے ججز شامل ہوں گے؟ اگر نئے ججز شامل نہ ہوئے تو پھر سوال اٹھے گا تشکیل کردہ بنچ فل کورٹ نہیں اگر موجودہ آئینی بنچ نے ہی کیس سنا تو پہلے ہی عوامی اعتماد متزلزل ہے،عوام کو موجودہ حالات میں ”کورٹ پیکنگ“ کا تاثر مل رہا ہے، جاننا چاہتے ہیں کس کے ایجنڈے اور مفاد کےلئے عدالت کی تذلیل کی جا رہی ہے؟ جاننا چاہتے ہیں عدالت کو موجود ہ صورتحال میں کیوں ڈالا جا رہا ہے؟ ۔
خط میں کہا گیاآئین کے مطابق ججز کا تبادلہ عارضی طور پر ہوسکتا ہے مستقل نہیں، ججز کا تبادلہ مقررہ وقت کےلئے ہی ہوسکتا ہے غیرمعینہ مدت کےلئے نہیں، مدت مقرر نہ ہونے کا مطلب ہے تبادلے کا حکم کسی بھی وقت واپس لیا جا سکتا ہے، تبادلہ اسی صورت ممکن ہے جب ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد پوری ہو اور تبادلے کے بعد آئینی طور پر ججز حلف لینے کے بھی پابند ہیں، ججز کا حلف اسی ہائی کورٹ کیلئے ہوتا ہے جس کےلئے تعینات کیا گیا ہو، ہائی کورٹ ججز کا حلف تمام ہائی کورٹس کےلئے نہیں ہوسکتا،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئینی نکات بالائے طاق رکھتے ہوئے ازخود سنیارٹی کا تعین کر لیا، لاہور ہائی کورٹ کاسنیارٹی میں 15ویں نمبر کے جج کو اسلام آباد میں سینئر ترین جج بنا دیا گیا۔
آئینی ترمیم کیس کے فیصلے تک نئی تعیناتیاں روکیں، 4 ججز کا چیف جسٹس کو خط
















