اینکرز ایسوسی ایشن نے بھی پیکا ایکٹ چیلنج کر دیا

اسلام آباد،کراچی :(بیورورپورٹ) اینکرز ایسوسی ایشن نے بھی پیکا ایکٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

پیکا ایکٹ میں ترمیم کےخلاف درخواست سینئر اینکر پرسن حامد میر، نسیم زہرہ، عدنان حیدر اور امیر عباس نے دائر کی، اسلام آباد ہائیکورٹ بار ریاست علی آزاد اور عمران شفیق ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی درخواست میں پیکا ایکٹ میں ترمیم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ۔

مزید بر آں سندھ ہائیکورٹ نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کر لیے،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس شفیع صدیقی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ کے روبرو پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس شفیع صدیقی نے ریمارکس دیئے پہلے عدالت کو مطمئن کریں دررخواست قابل سماعت ہے یا نہیں،بعد ازاں عدالت نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر مزید دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔