چیف جسٹس کی قیادت نمایاں اصلاحات، زیر التوا مقدمات میں 3ہزار کی بڑی کمی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس کی قیادت عدلیہ میں نمایاں اصلاحات، زیر التوا مقدمات میں 3ہزار کی بڑی کمی ،سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں ججز کےخلاف 46 شکایات نمٹادی گئیں ،5 پروضاحت طلب کرلی گئی،سپریم کورٹ نے 100 دنوں کے عدالتی اصلاحات اور اقدامات کی تفصیلات جاری کردیں ۔

26 اکتوبر سے 6 فروری 2025 تک چیف جسٹس کی قیادت میں عدلیہ نے نمایاں اصلاحات نافذ کیں، چیف جسٹس نے عدالتی اصلاحات میں سٹیک ہولڈرز کی شمولیت کےلئے”آن لائن فیڈ بیک فارم“سپریم کورٹ کی سرکاری ویب سائٹ پر فراہم کیا گیا،اعلامیے کے مطابق اقدام کا مقصد نظام انصاف کو بہتر بنانے کےلئے آراءاور تجاویز حاصل کرنا ہے، قلیل مدتی، درمیانی مدتی، اور طویل مدتی اہداف کے تحت عدالتی عمل کو مزید منظم کیا جا رہا ہے، اصلاحات کے تحت اہم پیش رفت ای حلف نامے اور فوری تصدیق شدہ نقول کی فراہمی ہے ،قانونی کارروائیوں میں تاخیر کم ہوئی اور سائلین و وکلاءکےلئے عدالتی عمل تک رسائی آسان ہوگئی،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کےساتھ مشاورت کے بعد مقدمات کی جلد سماعت کےلئے رہنما اصول مرتب کیے گئے۔

عدلیہ نے ٹیکس مقدمات کی جلد سماعت کےلئے درجہ بندی کا نظام متعارف کرایا ، ٹیکس مقدمات کی جلد سماعت کیلئے درجہ بندی کا نظام متعارف کرانے کا مقصد مقدمات کے بوجھ کو کم کرنا ہے، گزشتہ 100 دنوں میں سپریم کورٹ نے 4963نئے مقدمات آئے، 100 دنوں میں 8174مقدمات نمٹائے جو عدالتی عمل میں بہتری اور مقدمات کے تصفیے میں تیزی کی عکاسی کرتا ہے، تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ مشاورت کے بعد جوڈیشل کمیشن کے رولز مرتب کیے گئے، اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی کے عمل کو مزید منظم اور غیر جانبدار بنانے کےلئے خصوصی سیکرٹریٹ قائم کیا گیا ہے،اعلامیے میں کہا گیا ہے جوڈیشل کمیشن کے سیکرٹری کی تقرری کا عمل شروع کردیا گیا ہے، پانچوں اعلیٰ عدالتوں میں 36 اضافی ججوں کی تقرری اور سپریم کورٹ و سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بنچز کی تشکیل مکمل کر لی گئی ہے۔