نو تعمیر شدہ قذافی سٹیڈیم کا افتتاح ،شاندار تقریب،قومی ٹیم بھارت کو شکست دے گی،وزیراعظم

لاہور:(سپورٹس رپورٹر،خبر نگار،ایم این پی)نو تعمیر شدہ قذافی سٹیڈیم کا افتتاح ، شاندار تقریب،فنکاروں نے دل مو ہ لیے،سٹیڈیم میں32 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ، 2جدید سکرینز نصب،ایل ای ڈی لائٹس کے نئے ٹاورز ،تمام انکلوژرز میں نئی کرسیاں لگادی گئیں،سٹیڈیم کی تعمیر نو کا کام 117 دنوں کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔

افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق چیئرمین نجم سیٹھی، ذکا اشرف، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں ،اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی،مختلف محکموں کے حکام میں تعریفی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاقذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو شاندار طریقے سے مکمل ہوئی ،سب نے ٹیم کے طور پر ریکارڈ 117دنوں میں منصوبہ مکمل کرکے ناممکن کو ممکن بنایا،محسن نقوی کی عادت ہے اچھے کام کرتے ہیں ،چیئرمین پی سی بی اور سٹیڈیم کیلئے کام کرنے والے تمام افراد کو لندن کی سیر کرائیں گے، شہباز سپیڈ ماضی اب محسن سپیڈ چل رہی ہے۔


وزیراعظم نے کہاچیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی جیت کیلئے دعا گو ہیں ،کھلاڑیوں کی مدد کریں گے،انتظار ہے قومی ٹیم بھارت کو شکست دے ،بابر ،رضوان سے بہت سی امیدیں ہیں، دعاہے ٹرافی پا کستان جیتے،محسن نقوی نے اپنے اقدامات سے قوم کے دل جیت لیے،وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے تعمیر نو میں بھرپور مدد کی گئی،شکریہ ادا کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑیوں کو شاباش ،مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں آپ نے حالیہ مہینوں میں بہت اعلیٰ کرکٹ کھیلی، پوری قوم کا دل جیتا اب چیمپئنز ٹرافی آپ کی جیت کی منتظر ہے،ٹرافی جیت کر آپ پوری قوم کے ہیرو ہوں گے، بھارت کو شکست دے 24 کروڑ عوام کے دل جیتیں گے، سب دعاگو ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے کہا پاکستانی کرکٹرز شان ہیں، امید ہے ٹیم بہترین پرفارم کرے گی، خواہش ہے چیمپئنز ٹرافی کا فائنل لاہور میں ہو اور ٹائٹل جیتیں۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہاہدف تھا سٹیڈیم چیمپئنز ٹرافی سے قبل تعمیر کیا جائے،2500 کے قریب مزدوروں نے دن رات محنت سے کام کرکے177 روز کی ریکارڈ مدت میں جدید ترین سٹیڈیم تیار کیا،بہت سے مزدور 3،3 ماہ سے گھر نہیں گئے،ایف ڈبلیو او نے ناممکن کو ممکن بنایا، مشکل موقع پر بھی پاکستان آرمی مدد کو آئی، ورنہ اتنے مختصر وقت میں پراجیکٹ مکمل ہونا مشکل تھا۔

دریں اثنا شاندار تقریب دیکھنے کیلئے عوام کاسیلاب امڈ آیا،آئمہ بیگ،عارف لوہار،علی ظفر ودیگر فنکاروں نے پرفارمنس سے دل مو ہ لیے،شرکاءگانوں پر جھومتے رہے،زبردست آتشبازی کی گئی،آسمان روشنیوں میں نہا گیا۔