مریضوں کو علاج کی بہترین سہولیات کیلئے ایچ آر کی جدید تربیت ضروری ہے: سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں 2025سے 2034 تک کی نیشنل ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پالیسی کیلئے وزارت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوارڈی نیشن اسلام آباد کے وفد نے ملاقات کی۔سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی اور ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر وسیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفد میں ڈاکٹر سمین صدیقی اور ڈاکٹر سیفی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور وفد کے درمیان میڈیکل ایجوکیشن، نرسنگ شعبہ کی بہتری، پیشنٹ سیفٹی، انفیکشیئس ڈیزیزز اور انڈی کیٹرز پرفارمنس کی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب نظام صحت کی بہتری کیلئے بنیادی اقدامات اٹھا رہی ہے۔میڈیکل ایجوکیشن کی بہتری کیلئے پہلے دن سے کام کر رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے ایچ آر کی جدید تربیت انتہائی اہم ہے۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام حکومت پنجاب کے صحت کے شعبہ میں فلیگ شپ پروگرامز ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ پنجاب کی سرکاری طبی درسگاہوں میں جدید ریسرچ کو فروغ دے رہے ہیں۔ تمام ڈی ایچ کیوز اور آر ایچ سیز کی ری ویمپنگ کی جا رہی ہے۔ نرسنگ شعبہ میں مسلسل بہتری لائی جا رہی ہے۔ نرسنگ میں ایم ایس این کروا رہے ہیں اور پی ایچ ڈی کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نرسنگ شعبہ میں بین الاقوامی معیار کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ پنجاب کے تمام نرسنگ کالجز کے ہوسٹلز کی تزئین و آرائش کروائی گئی ہے۔ حال ہی میں 3000 نرسوں کی بھرتی کی گئی ہے۔ لاہور میں پاکستان کا سب سے بڑا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔لاہور اور سرگودھا میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی بنائے جا رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں پیشنٹ سیفٹی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے ہر مریض کا محفوظ اور بہتر علاج ہماری اولین ترجیح ہے۔ تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں انفیکشیئس ڈیزیزز کے شعبہ جات قائم کریں گے۔ سرکاری ہسپتالوں میں انڈی کیٹرز پرفارمنس پر بھی کام کر رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے والا ہر منصوبہ حکومت پنجاب کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔