اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) نئے جج آنے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ میں بڑی انتظامی تبدیلیاں، چیف جسٹس عامر فاروق کی منظوری سے آفس آرڈر جاری کردیا گیا۔
جسٹس محسن اختر کیانی کو ہٹا کر جسٹس سرفراز ڈوگر کو اے ٹی سی اور احتساب عدالتوں کا انتظامی جج تعینات کردیا گیا، قبل ازیں جسٹس محسن اختر کیانی اے ٹی سی احتساب عدالتوں کے انتظامی جج تھے۔
آفس آرڈر کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی جگہ جسٹس اعظم خان ڈسٹرکٹ کورٹس ویسٹ، جسٹس ارباب طاہر ایف آئی اے، جسٹس ثمن رفعت امتیاز بینکنگ، جسٹس راجہ انعام امین منہاس سیشن کورٹس ایسٹ کے انتظامی جج ہوں گے۔
دوسری جانب 5 ججز نے پھرسنیارٹی کا معاملہ اٹھا دیا، ججوں نے کہا کہ سنیارٹی کا مسئلہ حل ہونے تک چیف جسٹس یحییٰ آفریدی جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ملتوی کریں، سنیارٹی لسٹ کےخلاف ریپریزنٹیشن چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو بھجوا دی گئی۔
ریپریزنٹیشن بھیجنے والوں میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور ارباب طاہر کی جانب سے الگ ریپریزنٹیشن فائل کئے جانے کا امکان ہے، ریپریزنٹیشن کے مطابق جج جس ہائیکورٹ میں تعینات ہوتا ہے اسی ہائیکورٹ کیلئے حلف لیتا ہے، آئین کی منشا کے مطابق دوسری ہائیکورٹ میں ٹرانسفر ہونے پر جج کو نیا حلف لینا پڑتا ہے۔
دوسری ہائیکورٹ میں ٹرانسفر ہونے والے جج کی سنیارٹی نئے حلف کے مطابق طے ہوگی۔ عدالتی ذرائع کے مطابق ججوں کی جانب سے دائر ریپریزنٹیشن سنیارٹی پر ہے، ججوں کے تبادلے سے کوئی تعلق نہیں۔
ہائیکورٹ میں بڑی انتظامی تبدیلیاں،5 ججوں نے پھرسنیارٹی کا معاملہ اٹھا دیا



















