پاک فوج پوری طرح تیار،بھارتی مہم جوئی کا پوری طاقت سے جواب دینگے:آرمی چیف

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے پاک فوج ملکی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار ، بھارتی فوجی قیادت کے ناعاقبت اندیش اور اشتعال انگیز کھوکھلے بیانات بڑھتی مایوسی کی نشاندہی کرتے ہیں،پاکستان کسی بھی مہم جوئی کامکمل طاقت کےساتھ جواب دےگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج سید عاصم منیر کی زیرصدارت267 ویں کورکمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے امن و استحکام کےلئے شہدائے افواج پاکستان، قانون نافذ کرنےوالے اداروں اورشہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا،فورم نے درپیش خطرات کا مفصل جائزہ لیتے ہوئے علاقائی و داخلی سلامتی کے منظر نامے پر روشنی ڈالی، شرکا کانفرنس نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور ورکنگ باو¿نڈری کےساتھ موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فورم نے یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر کشمیر کے پرعزم لوگوں کےساتھ اظہار یکجہتی کیا،شرکا نے بھارت کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خطے کے امن و استحکام کےلئے سنگین خطرہ قرار دیااور سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کےلئے جدوجہد میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

فورم نے سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزیوں سے نمٹنے کےلئے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا،آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ ناعاقبت اندیش ، اشتعال انگیز بیانات کا سخت نوٹس لیا اور غیر ذمہ دارانہ و علاقائی استحکام کےلئے نقصان دہ قرار دیا۔

خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا پاک فوج ملکی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کےلئے پوری طرح تیار ہے، بھارتی فوج کے کھوکھلے بیانات بڑھتی مایوسی کی نشاندہی کرتے ہیں،بیانات اپنے عوام اور عالمی برادری کی توجہ بھارت کے اندرونی خلفشار ،انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کےلئے ہیں،پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا مکمل طاقت کےساتھ جواب دے گا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فورم نے فتنہ الخوارج کی جانب سے پاکستان کےخلاف دہشتگردکارروائیوں کےلئے افغان سرزمین کے مسلسل استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاعبوری افغان حکومت موجودگی سے انکار کی بجائے فتنہ الخوارج کےخلاف ٹھوس و عملی اقدامات کرے۔

شرکا نے واضح کیا افغانستان اور فتنہ الخوارج کے ضمن میں جاری شدہ تمام ضروری اقدامات و حکمت عملی کو جاری رکھا جائے گا جو پاکستان ،عوام کے تحفظ کو یقینی بناتے ہیں ،فورم نے بلوچستان میں عوام پر مرکوز سماجی و اقتصادی ترقی کے اقدامات کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ احساس محرومی کے من گھڑت بیانیے کی نفی کی جا سکے،شرکا نے اعادہ کیا کسی کو بھی بلوچستان میں امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائےگی، غیر ملکی پشت پناہی کرنے والی پراکسیز کی نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور انتہا پسندی پر مائل کرنے کے مذموم عزائم کو بلوچستان کے عوام کی غیر متزلزل حمایت سے ناکام بنایا جائےگا۔

جنرل سید عاصم منیر نے تمام فارمیشنوں کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کرتے ہوئے مشن پر مبنی تربیت، بہتر فوجی تعاون، روایتی اور انسداد دہشت گردی کی مد میں مشترکہ مشقوں کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا،آرمی چیف نے کہاعسکری قیادت قوم کو درپیش کثیرالجہتی چیلنجز سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور قابل فخر عوام کی بھرپور حمایت کےساتھ اپنی آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کےلئے پرعزم ہے۔