وفاق اور صوبے ملکر کام کررہے ہیں، ہر قیمت پر پولیو کا خاتمہ کرنا، قوم تعاون کرے: وزیراعظم

لاہور: (خبرنگار+ اپنے رپورٹر سے) وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے ہر قیمت پر پولیو کا خاتمہ کرنا ہے، قوم تعاون کرے، امید ہے باہمی تعاون ،سپورٹ کے ذریعے افغانستان سے بھی مرض کا خاتمہ ہوگا۔

شہباز شریف نے بچوں کو قطرے پلا کر رواں سال کی پہلی مہم کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر قیمت پر پاکستان سے پولیو کے مرض کا خاتمہ کرنا ہے، سب مشترکہ کاوشوں سے ہی ممکن ہوگا، تعاون پر عالمی ادارہ صحت، یونیسف، سعودی عرب سمیت دیگر عالمی شراکت داروں کے مشکور ہیں، پاکستان کے کروڑوں بچوں، بچیوں کو قطرے پلا کر مرض سے محفوظ کریں گے، انسداد پولیو ٹیم شبانہ روز محنت کررہی ہے، حالیہ مہم کے دوران پولیو ورکرز ملک کے دور دراز علاقوں اور دیہاتوں میں ہر جگہ پہنچ کر اہم قومی فریضہ سر انجام دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ رواںسال ابھی تک جنوری میں ایک کیس ریکارڈ ہوا، کاش یہ بھی نہ آتا لیکن ہر قیمت پر پولیو کا پاکستان سے خاتمہ کرنا ہے، ہمسایہ ملک کےساتھ بھی رابطے میں ہیں، باہمی تعاون کے ذریعے افغانستان سے بھی پولیو کا خاتمہ ہوگا، مربوط حکمت عملی اور مشترکہ کوششوں سے پولیو کے مرض کا خاتمہ کر سکیں گے، بچوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا رہا ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ مرض کے مکمل خاتمے کےلئے اقدامات جاری رکھیں گے، مہم کے دوران 5سال سے کم عمر کے کروڑوں بچوں کوقطرے پلائے جائیں گے۔

دریں اثنا وزیراعظم نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، پی پی رہنما خورشید شاہ، شازیہ مری، غلام مصطفی شاہ سے ملاقات کی، سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہبازشریف سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی رہائشگاہ گئے جہاں پی پی رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفی شاہ کو بیٹے کی شادی پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بہتر ہوتے معاشی اشارئیے، بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور عالمی اقتصادی اداروں کا پاکستان پر بڑھتا اعتماد خوش آئند ہے، عوامی فلاح و بہبود کےلئے وفاق اور صوبے ملکر کام کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف پیر کو کوئٹہ جائیں گے جہاں وہ گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات اور اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وفاقی وزرا عطا تارڑ، احسن اقبال، خواجہ آصف و دیگر اعلیٰ حکام بھی ہمراہ ہوں گے۔