لاہور (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل اور ڈی پی او راجن پور فاروق امجد نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب کامران خان نے رحیم یار خان، راجن پور کے کچہ ایریا میں درپیش چیلنجز اور کارکردگی بارے آگاہ کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے کچہ ایریا کے تھانوں اور چوکیوں پر تعینات پولیس افسران و اہلکاروں کو فراہم کی جانے والی خوراک اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر جوان کچہ کے پرخطر علاقے کو مشکل حالات میں ڈاکووں اور شرپسندوں سے محفوظ بنا رہے ہیں۔ کچہ ایریا میں پولیس سٹیشنز، کیمپس و چوکیوں کی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس، جدید اسلحہ اور ٹیکنالوجی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ کچہ ایریا کے تھانوں، چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ کچہ ایریا چیک پوسٹوں کا شہریوں کو ہنی ٹریپ سے بچانے اور سمگلنگ روکنے میں اہم کردار ہے۔ آئی جی پنجاب مزید کہا کہ پنجاب پولیس نے بھرپور آگاہی مہم، سخت چیکنگ سے 500 سے زائد افراد کو ہنی ٹریپ کا شکار ہونے سے بچایا۔ آئی جی پنجاب نے کچہ ایریا چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں کو انتہائی الرٹ رہنے، بلٹ پروف جیکٹس، ہیلمٹ اور دیگر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی۔ آر پی اوز اور ڈی پی اوز باقاعدگی سے کچہ ایریا کے تھانوں اور چیک پوسٹوں کا معائنہ کریں، مزید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں کچہ ایریا کے تھانوں اور پولیس چوکیوں کے 943 اہلکار ہارڈ ایریا الاونس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اے ایس آئیز سے انسپکٹر رینک کے افسران کو 25 ہزار، ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل رینک کے اہلکاروں کو 20 ہزار جبکہ درجہ چہارم کے ملازمین کو 18 ہزار روپے ماہانہ ہارڈ ایریا الاونس دیا جا رہا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب محمد کامران خان، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس غازی محمد صلاح الدین، اے آئی جی فنانس ڈاکٹر ندا عمر چٹھہ اجلاس میں موجود تھے۔
کچہ علاقہ میں چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں کی فلاح و بہبود ترجیح ہے :آئی جی پنجاب
















