جوڈیشل کمیشن نے 10 ایڈیشنل جج تعینات کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد (مشرق نیوز) جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے پشاور ہائی کورٹ کیلئے 10 ایڈیشنل ججوں کی تعیناتی کی منظوری دیدی۔ رپورٹ کے مطابق عدالتوں میں ایڈیشنل ججوں کی تعیناتی کیلئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس ہوا۔

جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں پشاورہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججوں کی تعیناتی کے معاملے پر تفصیلی غور کیا گیا، اجلاس میں 9 ایڈیشنل ججز کی تعیناتیوں کیلئے 40 نام زیر غور تھے۔ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے پشاور ہائی کورٹ کیلئے 10 ایڈیشنل ججوں کی منظوری دیدی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فرح جمشید ، انعام اللہ خان، قاضی جواد احسان اللہ کو ایڈیشنل جج تعینات کرنے کی منظوری دی گئی، اسکے علاوہ جوڈیشل کمیشن نے مدثر امیر ، ثابت اللہ، اورنگزیب کو بھی ایڈیشنل جج لگانے کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں عبد الفیاض ، صلاح الدین ، صادق علی ، طارق آفریدی، اورنگزیب خان کو ایڈیشنل جج تعینات کرنے کی منظوری دیدی گئی۔

جوڈیشل کمیشن اجلاس میں 9 ایڈیشنل ججوں کی تعیناتیوں کا ایجنڈا زیر غور تھا، زرائع کے مطابق اجلاس کے دوران چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے 10 ایڈیشنل ججوں کا مطالبہ کیا۔ ذرائع جوڈیشل کمیشن نے کہا کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مجھے دسواں جج بھی چاہئے، چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی رائے سے اتفاق کیا۔

ذرائع کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کیلئے 10 ایڈیشنل ججوں کی تعیناتیاں اکثریت سے ہوئیں، جوڈیشل کمیشن اجلاس میں اقلیتی رائے رکھنے والے ممبران نے کہا کہ 9 ایڈیشنل ججوں کی تعیناتیوں کا ایجنڈا جاری کیا گیا، 9 کے بجائے 10 ایڈیشنل ججوں کی منظوری نہ دی جائے۔

بعد ازاں جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، اس میں کہا گیا کہ پشاور ہائیکورٹ کیلئے 10 ایڈیشنل ججوں کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ بتایا گیا کہ 10 ایڈیشنل ججوں میں 2 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور 8 وکلا کے ناموں کی منظوری دی گئی۔