کرم ،سرکاری قافلے پر فائرنگ، اسسٹنٹ کمشنر ،3پولیس اہلکار زخمی

کرم،پشاور:(بیورورپورٹ)کرم میں سرکاری قافلے پر فائرنگ، اسسٹنٹ کمشنر اور 3پولیس اہلکار زخمی،جرگے نے امن معاہدے پر عملدرآمد کا اعلان کردیا۔

ایس ایچ او کے مطابق اپر کرم میں ضلعی انتظامیہ نے جنگ بندی کرا دی تھی لیکن دوسرے فریق سے بات چیت کےلئے جانے والے قافلے پر فائرنگ کی گئی،قیادت کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر کرم منان اور3اہلکار زخمی ہوگئے،ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

قبائلی رہنما شفیق مطہری نے کہاانتظامیہ و پولیس کے ہمراہ فائر بندی میں مصروف تھے فائرنگ ہوگئی،انتظامیہ نے کہاعلاقے میں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

ادھرکرم میں پھنسے 66 افراد کا کامیاب انخلا کرلیا گیا، تری منگل میں مشیران کی سفارش پر 66 افراد بشمول خواتین و بچے محفوظ مقام پر منتقل کردئیے گئے،دوسری جانب جرگے نے امن معاہدے پرعمل درآمد کا اعلان کردیا۔

ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا معاہدے پر عملدرآمد کےلئے دونوں فریقین کی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جرگے کی اگلی بیٹھک کا اعلان مشاورت کے بعد ہوگا، کرم مسئلہ نفرت کا نتیجہ ہے، سب اپنا نقصان کر رہے ہیں،جرگہ تب کامیاب ہوگا جب نفرتیں ختم کریں،غلطیوں سے سبق سیکھنا ،انسان کا قتل ناقابل معافی ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہاسوشل میڈیا کا نفرت پھیلانے میں بڑا کردار ہے، کرم امن معاہدے پر پورے ملک نے سکھ کا سانس لیا لیکن شرپسندوں کو امن منظور نہیں، شرپسندں کو سامنے لانا ہوگا۔

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے کہاحکومت اور عمائدین دونوں کو کردار ادا کرنا چاہیے، امن ہر صورت قائم ہوگا، کرم کےلئے ریلیف پیکیج منظور کر رہے ہیں، شرپسند رکاوٹ ڈالیں تو قانون حرکت میں آئے گا۔