اسلام آباد :(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کی ہٹ دھرمی،حکومت نے بھی مذاکراتی عمل ختم ،کمیٹی تحلیل کردی ۔
حکومتی کمیٹی کے ترجمان ون لیگی سینیٹر عرفان صدیقی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا مذاکرات کا سلسلہ ختم ہو چکا ،پی ٹی آئی والے جس تیزی کےساتھ آئے اسی طرح واپس چلے گئے،واحد و حقیقی مطالبہ عمران خان و دیگر رہنماوں کی فوری رہائی تھا۔
انٹرویو میں عرفان صدیقی نے کہا وزیراعظم کی پیشکش کے باوجود آنے والے جوابات سب کے سامنے ہیں،اپنی کمیٹی بھی تحلیل کر دی،پی ٹی آئی قیدیوں کی رہائی چاہتی ہے تو واحد حل وزیراعظم صدر سے سزائیں معاف کرنے کی سفارش کرے،چارٹر آف ڈیمانڈ میں بہت سے مطالبات پر اعتماد سازی ہو سکتی تھی،جوڈیشل کمیشن بنانے کے مطالبے پر بھی ریڈ کراس نہیں لگایا ،وکلاءکا مشورہ تھا معاملات عدالتوں میں ہوں تو جوڈیشل کمیشن نہیں بن سکتاپھر بھی دو ٹوک جواب دینے کی بجائے سوچا جواب دیں گے، وکلاءکی یہ رائے ہے آپ اپنے وکلاءکو بلا لیں جو اپنی رائے دیں، قائل کریں اور ملکر بیچ کا کوئی راستہ نکال لیں گے۔
لیگی سینیٹر نے کہا بنیادی طور پر پی ٹی آئی کے ڈی این اے اور خمیر میں مذاکرات، بات چیت شامل ہی نہیںسڑکوں، چوراہوں، ڈنڈوں، غلیلوں، 9 مئی، 26 نومبر اور تشدد کےلئے بنی،پی ٹی آئی نے عمران خان، شاہ محمود قریشی، عمر چیمہ، اعجاز چودھری، یاسمین راشد اور محمود الرشید کا نام لے کر رہائی کا مطالبہ کیا، نام لکھے نہیں لیکن بول کر کہا آپ رہائی میں سہولت کاری کریں،دیگر قیدیوں کی رہائی کامطالبہ بھی کیا گیا۔
عرفان صدیقی نے کہاپی ٹی آئی قیدیوں کی رہائی چاہتی ہے تو وزیراعظم صدر سے سزائیں معاف کرنے کی سفارش کرے اور کوئی دوسراراستہ نہیں، تحریک انصاف تاریخ کا منفرد عجوبہ،خان نہیں تو پاکستان نہیں کے نعرے کی عملی تصویرافسوسناک ہے۔
پیکا ایکٹ پر لیگی سینیٹر نے کہاوزیر قانون کی جانب سے بلائی گئی میٹنگ میں اپنی رائے دی، قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں بھی صحافیوں کو بات کرنے کا موقع میری تجویز اور سفارش پر ملا،ذاتی طور پر سمجھتاہوںوسیع تر مشاورت ہونی چاہئے تھی،صحافیوں کے تحفظات دور کرنے چاہئیں،ذاتی طور پر قانون کی روح سے متفق ہوں کیونکہ صحافت ، فیک نیوز پھیلانے والوں میں فرق کرنا چاہئے، حقیقی صحافت کرنے والے لوگ قانون کی زد میں نہیں آئیں گے۔
عرفان صدیقی نے کہا وزیراعظم سے بات کی ہے صحافیوں کوسن کرتحفظات ختم کرتے ہوئے قانون میں ترمیم کرنی چاہئے، کام کر رہے ہیں ،ذاتی حیثیت میں اپنی ذمہ داری سے بڑھ کر کام کروں گا۔
پی ٹی آئی کی ہٹ دھرمی،حکومت نے بھی مذاکراتی عمل ختم کردیا،کمیٹی تحلیل
















