اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیراعظم نے بڑے منصوبوں پر عملدرآمد کی نگرانی کےلئے سٹیئرنگ کمیٹی قائم کردی،ذرائع کے مطابق سٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت وزیراعظم خود کریں گے،اسحاق ڈار، عبد العلیم خان ،احسن اقبال، احد چیمہ بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے،کمیٹی ایم6، ایم8، ایم5 اور این 25 کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنائے گی۔
دریں اثنا چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم سے ملاقات کی،دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و سکیورٹی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے چینی سفیر کو چینی سال نو کی مبارکباد دی اور نئے سال کی تقریبات میں چینی قیادت کےساتھ چین کے برادر عوام بشمول پاکستان میں مقیم تمام چینی شہریوں کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،شہبازشریف نے امید ظاہر کی نیا سال پاکستان ، چین کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط اور دونوں ممالک کے عوام کےلئے خوشحالی لائے گا، چینی سفیر نے نیک تمناﺅں کا اظہار کرنے پر وزیراعظم اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں عالمی ہفتہ برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہاحکومت رواداری ، باہمی احترام کے ماحول کو فروغ دینے کےلئے پرعزم ہے،انتہا پسندی ، تفرقہ انگیز بیان بازی سماجی نظام کےلئے خطرہ ہیں،مذہبی سکالرز، کمیونٹی رہنما اور شہری معاشرے میں بھائی چارے کو مضبوط بنانے کےلئے اپنا کردار ادا کریں،دعا ہے ہفتہ سب کواپنی زندگی میں باہمی برداشت و تعاون کی اقداراپنانے کی ترغیب دے جو تمام شہریوں کے پرامن و خوشحال مستقبل کو یقینی بنائے۔
بڑے منصوبوں پر عملدرآمد کی نگرانی کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی قائم،پاک چین دوستی مضبوط ہوگی،،وزیراعظم
















