پی ٹی آئی کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت،پارلیمانی کمیٹی بنانے کیلئے تیار ہیں،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت،وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمانی کمیٹی بنانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا بات چیت آگے بڑھانے کیلئے صدق دل سے تیار ہوں، آئیں پارلیمانی کمیٹی بنائیں اور معاملات کو آگے بڑھائیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاپی ٹی آئی کےساتھ مذاکرات کی آفر کو شفاف انداز سے قبول کیا، حکومت ،اپوزیشن کی کمیٹیاں بنیں ،بات چیت ہوئی،رواں ماہ کی 28 تاریخ کو میٹنگ ہونی تھی لیکن پی ٹی آئی والے بھاگ گئے،حکومتی کمیٹی نے کہا آپ آئیں لکھ کر جواب دیں گے، مذاکرات کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا،اپنے گریبان میں بھی جھانکیں، 2018 میں ہاوس کمیٹی بنائی ،کمیشن نہیں بناتھا۔

وزیراعظم نے کہا پوری طرح حقائق کو سامنے لائیں، 2018 میں ہاوس کمیٹی کو قبول کیاآپ بھی آئیں 2018 اور 2024 کے انتخابات پر کمیٹی بنے، 26 نومبر دھرنے کی بات کرتے ہیں، 2014 کے دھرنے کی بھی ہاوس کمیٹی احاطہ کرے،نیک نیتی کےساتھ تیار ہوں ڈائیلاگ آگے بڑھیں، انتشار کے ہاتھوں ملک کا بہت نقصا ن ہوا ،پاکستان مزید نقصان کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

قبل ازیں اجلاس کے آغاز میں شہبازشریف نے کہاخیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے میجر اور سپاہی شہید ہوگئے،شہدا کی قربانیوں کی تکریم سب کا فرض ہے،ہر روز خوارج ،دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جارہا ہے، شہید کے والد کو خود ملا، حوصلے بہت بلند تھے، ہر روز بہادری ، دلیری کی داستانیں سننے کو ملتی ہیں،شرح سود میں کمی سے کاروبار ،صنعت کو فائدہ ہوگا، بطور ٹیم دن رات کاوشیں کررہے ہیں،ملکی ترقی و خوشحالی کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا۔

وزیراعظم نے کہاانسانی سمگلنگ میںسینکڑوںپاکستانیوں کی جانیں ضائع ہوئیں،کالے دھندے کے نتیجے میں پاکستان کے چہرے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی،معاملے کو دیکھ رہے ہیں،وزیر داخلہ کےساتھ میٹنگ بھی ہوئی، مسئلے کو مکمل طور پر ختم کریں گے،ملک کو بدنام کرنے والوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

دریں اثناانسداد پولیو مہم پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاستمبر 2024 سے اب تک پولیو کیسز میں منفی رجحان انسداد پولیو مہم کے موثر ہونے کی سند ہے،مرض کے مکمل خاتمے کےلئے پر عزم ہیں،پولیو کیسز میں منفی رجحان تمام صوبوں کی انتھک محنت سے ممکن ہوا، وفاق اور صوبوں کے تعاون سے ہی ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔

مزید برآں وزیر اعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ملاقات کی ،اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،محسن نقوی نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ امریکہ ،حکام، کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کےساتھ ملاقاتوں سے آگاہ کیا،چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں سمیت مزید امور پر بریفنگ دی گئی،شہباز شریف نے محسن نقوی سمیت بورڈ کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک کو بین الاقوامی تنظیم وویمن پولیٹیکل لیڈرز کےلئے پاکستان کی جانب سے سفیر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاشائستہ پرویز ملک کا قومی نمائندہ کے طور پر انتخاب حقوق نسواں کےلئے جد و جہد اور ناقابل فراموش خدمات کا عکاس ہے،شائستہ پرویز ملک کا بطور قانون ساز پاکستان میں خواتین کے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار رہا،امید ہے شائستہ پرویز ملک پلیٹ فارم کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گی۔