اسلام آباد (مشرق نیوز) عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدت کیس میں بریت کے خلاف اپیل چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھیج دی گئی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت کیس میں بریت کے خلاف اپیلوں پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس اعظم خان نے کی جس میں درخواست گزار خاور مانیکا کی جانب سے زاہد آصف چودھری، اقبال کاکڑ و دیگر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے علی بخاری، شعیب شاہین، نیاز اللہ نیازی و دیگر پیش ہوئے۔
زاہد آصف چودھری نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے 13 جولائی 2024 کا ایڈیشنل سیشن جج کا بریت کا فیصلہ چیلنج کر رکھا ہے، اس موقع پر شعیب شاہین نے کہا کہ دلائل دینے سے پہلے ہم کچھ کہنا چاہ رہے ہیں، آپ پہلے اپنا مائنڈ ڈسکلوز کر چکے ہیں، کیس کسی دوسرے بنچ کو منتقل کر دیا جائے۔
جسٹس اعظم خان نے شعیب شاہین کی بات پر ریمارکس دیئے کہ ہم نے ایک آرڈر کے خلاف نظرثانی درخواست سنی تھی، ہم نیا بنچ تشکیل دینے کیلئے فائل چیف جسٹس کو بھیج دیتے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کے خلاف اپیل کی فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی، کیس چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کو نیا بنچ تشکیل دینے کیلئے بھیجا گیا ہے۔
عدت کیس: عمران، بشریٰ کی بریت کیخلاف اپیل چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو ارسال



















