بنچز اختیارات پر ایڈیشنل رجسٹرار کیخلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ

اسلام آباد :(بیورورپورٹ) بنچز اختیارات کیس کو ڈی لسٹ کرنے پر ایڈیشنل رجسٹرار کےخلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیاگیا۔

ایڈیشنل رجسٹرار سپریم کورٹ نذر عباس نے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرادیا، شوکاز نوٹس کے جواب میں ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس نے شوکاز نوٹس واپس لینے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا عدالتی حکم کی نافرمانی نہیں کی، عدالتی آرڈر پر بنچ بنانے کے معاملہ پر نوٹ بنا کر پریکٹس پروسیجر کمیٹی کو بھجوادیا تھا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے وکیل حامد خان سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا کیا جوڈیشل آرڈر کو انتظامی سائیڈ سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا؟،ایڈووکیٹ حامد خان نے جواب دیا انتظامی آرڈر سے عدالتی حکم نامہ تبدیل نہیں ہو سکتا،سپریم کورٹ کی تشکیل آرٹیکل 175 کے تحت ہوئی ہے،جوڈیشل پاور پوری سپریم کورٹ کو تفویض کی گئی ہے، سپریم کورٹ کی تعریف بھی واضح ہے، تمام ججز شامل ہیں، یہ نہیں کہا جاسکتا فلاں مخصوص جج ہی سپریم کورٹ کی پاور استعمال کرسکتے ہیں،جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس میں کہا یہ سوال الگ ہے، اگر آرٹیکل 191 اے کی تشریح کا کیس سنتے تو یہ سوال اٹھایا جا سکتا تھا، ہمارے سامنے کیس ججز کمیٹی کے واپس لینے سے متعلق ہے، چیف جسٹس اور جسٹس امین الدین خان ججز کمیٹی کا حصہ ہیں، بادی النظر میں2 رکنی ججز کمیٹی نے جوڈیشل آرڈر کو نظرانداز کیا، اگر ججز کمیٹی جوڈیشل آرڈر کو نظر انداز کرے تو معاملہ فل کورٹ میں جا سکتا ہے، اس سوال پر معاونت دیں۔

جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس دیئے بظاہر لگتا ہے کنفیوژن تو ہے، حامد خان صاحب آپ آرٹیکل 191 اے کو کیسے دیکھتے ہیں؟ ماضی میں بنچز تشکیل جیسے معاملات پر رولز بنانا سپریم کورٹ کا اختیار تھا، اب سپریم کورٹ کے کچھ اختیارات ختم کر دیئے گئے ہیں، یہ خیر چلیں 26 ویں ترمیم کا سوال آجائے گا،جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کیا دنیا کے کسی ملک میں بنچ عدلیہ کے بجائے ایگزیکٹو بناتا ہے؟ حامد خان صاحب آپ کے ذہن میں کوئی ایک ایسی مثال ہو؟ ، عدالتی معاون حامد خان نے جواب دیا ایسا کہیں نہیں ہے،عدالت نے استفسار کیا رولز 1980 کے تحت فل کورٹ چیف جسٹس بنائیں گے یا کمیٹی بنائے گی؟ کیا جوڈیشل آرڈر کے ذریعے فل کورٹ کی تشکیل کیلئے معاملہ ججز کمیٹی کو بھجوا یا جا سکتا ہے۔

جسٹس منصور نے ریمارکس دیئے ہم تو آئینی بنچ نہیں ہیں ہم نے کیا کرنا ہے، ہم تو ویسے ہی گپ شپ کر رہے ہیں ، احسن بھون نے کہا اس لیے ہم چاہتے تھے آئینی عدالت بنے، جسٹس منصور نے ریمارکس دیئے تھوڑا دھکا اور لگا کر آئینی عدالت بنا لیتے،احسن بھون نے جواب دیا دھکا تو ہم نے لگایا تھا، ہم نے آرٹیکل 191اے کا جائزہ لینا تھا، جائزہ کے دوران کیس بنچ سے واپس لے لیا گیا،دوران سماعت جسٹس منصور علی شاہ اور احسن بھون کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا جس پر عدالت میں قہقہے لگ گئے،بعدازاں اٹارنی جنرل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد سپریم کورٹ نے ایڈیشنل رجسٹرار توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔