ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا دیپال پور بازار میں پختہ تجاوزات گرانے پر میونسپل کارپوریشن کے عملے کی فرض شناسی پر اظہار اطمینان، شہر سے تمام تجاوزات مرحلہ وار گرانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے، شہر کو خوبصورت بنانا اور تجاوزات ختم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح، تاجر ازخود تجاوزات گرا کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں، دیپالپور بازار میں ملبہ اٹھانے کا کام بھی فی الفور شروع کیا جائے، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلا س کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، سی ای او ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افتخار احمد، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، اے سی جنرل رائے فیصل عمران،پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے چیف آفیسر کو ہدایت کی کہ وہ تجاوزات گرانے کیلئے بنائے گئے پندرہ روزہ پلان کو شہریوں کیلئے مشتہرکریں تاکہ عوام کو اینٹی ایکروچمنٹ مہم کے شیڈول سے آگاہی ہوسکے۔ چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کارپوریشن کے عملے نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے دیپالپور بازار سے 106دوکانوں کی ناجائز تجاوزات گرائی ہیں جس سے شہریوں نے اطمینان کا سانس لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج صدر بازار، پاک پتن بازار اور شو مارکیٹ سے تجاوزات گرائی جائیں گی۔ اجلاس کے دوران کمشنر شعیب اقبال سید نے تجاوزات کے خلاف مہم میں خصوصی طور پر انفورسمنٹ انسپکٹر خالد ضیاءکی فرض شناسی کو بھی سراہا۔
پختہ تجاوزات کی مسماری، کمشنر ساہیوال کا میونسپل کارپوریشن کے عملے کی فرض شناسی پر اظہار اطمینان


















