راولپنڈی:(بیورورپورٹ)190 ملین پاونڈ کیس میں عمران14،بشریٰ کو7سال قید با مشقت،احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے محفوظ فیصلہ سنا دیا،عدالت نے عمران خان 10 ،بشریٰ کو 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا،عدم ادائیگی پر عمران خان 6 ماہ اور بشریٰ کو 3 ماہ مزید قید بھگتنا ہو گی،القادر یونیورسٹی کی زمین سرکاری تحویل میں لینے کا حکم دےدیاگیا۔
فیصلہ سنائے جانے کے بعدبشریٰ کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا،اہم کیس کی سماعت سے قبل عمران خان کو جیل سے کمرہ عدالت لایا گیا ،بشریٰ بھی عدالت پہنچیں،جیل کے باہر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، ایلیٹ کمانڈوز بھی سکیورٹی کا حصہ رہے۔
بعد ازاں احتساب عدالت اسلام آباد نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہاوکلائے صفائی استغاثہ کی شہادتوں کو جھٹلا نہیں سکے، استغاثہ کا مقدمہ دستاویزی شہادتوں پر تھا جو درست ثابت ہوئیں،ملزموں کے دفاع میں پیش کی گئی دستاویزی شہادتیں بے وقعت تھیں، استغاثہ کی جانب سے ٹھوس مستند،مربوط، ناقابل تردید، قابل اعتماد شہادت پیش کی گئی، معمولی تضادات ہوسکتے ہیں جو وائٹ کالرکرائم میں فطری بات ہے۔
فیصلے میں کہا گیابار بار مواقع ملنے کے باوجود استغاثہ کے موقف کو جھٹلایا نہیں جاسکا،بانی پی ٹی آئی کو نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 10اے کے تحت سزا سنائی گئی ، بانی پی ٹی آئی پر جرم ثابت ہوتا ہے،عمران خان کرپشن میں ملوث پائے گئے،جرم ثابت ہونے پر 14 سال قید بامشقت ، 10 لاکھ روپے جرمانہ کیا جاتا ہے ،جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں بانی پی ٹی آئی کو مزید 6 ماہ قید کاٹنا ہوگی۔
عدالت نے فیصلے میں کہا بشریٰ پر جرم میں معاونت کا الزام ثابت ہوتا ہے،نیب آرڈیننس 10 اے کے تحت 7 سال قید بامشقت ،5 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی جاتی ہے،جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 3 ماہ قید ہوگی،القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کو بحق سرکار ضبط کرکے حکومت کی تحویل میں دیاجاتاہے۔
عدالت نے کہا شہادتوں کی روشنی میںعمران،بشریٰ کی بریت درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں، مجرم چاہیں تو فیصلے کےخلاف متعلقہ فورم پر اپیل کرسکتے ہیں،ادھر عدالتی فیصلے کے بعد القادر یونیورسٹی بحق سرکار ضبط، ٹرسٹ بھی سرکاری کنٹرول میں دیدیا گیا۔
190 ملین پاونڈز کیس، عمران 14 ،بشریٰ کو 7 سال قید،سابق خاتون اول گرفتار، القادر یونیورسٹی،ٹرسٹ ضبط
















