ترکی میں ریزی ڈینسی پروگرام کے آغاز کیلئے پنجاب مکمل تعاون کرے گا،سلمان رفیق

لاہور:(ہیلتھ رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ترکیہ کے دو رکنی وفد نے ملاقات کی،اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، رجسٹرار یونیورسٹی پروفیسر عمران، فوکل پرسن ڈاکٹر زاہد پرویز اور پروفیسر عامر زمان خان موجود تھے،ترکیہ کے وفد میں ڈاکٹر ایگن ینی جن اور ڈاکٹر فتح بونول شامل تھے۔

خواجہ سلمان رفیق اور ترکیہ کے طبی وفد کے درمیان نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ، میڈیکل ایجوکیشن، میڈیکل ٹورزم، ریذیڈینسی پروگرام و دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، ترکیہ کے ماہرین کےساتھ نوازا شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بارے سیر حاصل گفتگو رہی،وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز نے ہسپتال کی موجودہ کنسٹرکشن اور دیگر مراحل سے آگاہ کیا۔

وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہاترکیہ میں نظام صحت کے معترف ہیں،پنجاب میں میڈیکل ایجوکیشن کو فروغ دیا جا رہا ہے،ترکی میں ریزی ڈینسی پروگرام کے آغاز کیلئے پنجاب مکمل تعاون کرے گا، پاکستان اور ترکی کے درمیان میڈیکل ٹورزم کو پروموٹ کرنا چاہیے،نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ میں رواں سال او پی ڈی کا آغاز کر دیا جائے گا، حکومتی سطح پر نوازا شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ پہلا کینسر ہسپتال ہوگا جہاں ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات میسر ہوں گی۔

ترک طبی ماہرین نے کہا کینسر کے تدارک کےلئے پاکستان کےساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے،مزید برآں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے حلقہ پی پی 153 کی یو سی 150 میں صاف ستھرا پنجاب پراجیکٹ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی،خواجہ سلمان رفیق نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران سے بریفنگ لی اور آگاہی واک کی قیادت بھی کی،وزیر صحت پنجاب نے مختلف یوسیز میں خود جا کر شہریوں کو صاف ستھرا پنجاب پراجیکٹ بارے آگاہی دی،اس موقع پر یو سی چیئرمین طارق اعوان، اخلاق شاہ، رفعت شاہ، حافظ علیم مغل اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔