پولیس کے دعوے ٹھس ،پنجاب خواتین ، کمسن بچوں کےلئے غیر محفوظ

لاہور:(حافظ کاشف سندھو سے)پولیس کے دعوﺅں کے باوجود پنجاب دن بدن صنف نازک اور کمسن بچوں کےلئے غیر محفوظ ہونے لگا،2024 میں غیرت کے نام پر، گھریلو تشدد اور دیگر مختلف وجوہات کے باعث 962 خواتین قتل ہو چکی ہیں۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق گھریلو تشدد کے نتیجے میں 389 خواتین قتل ہوئیں جبکہ غیرت کے نام پر 191 خواتین کا قتل کیا گیا، دیگر مختلف وجوہات کی بنا پر 375 خواتین قتل ہوئیں، رپورٹ کے مطابق لڑائی جھگڑے اور دیگر وجوہات کی بنا پر 551 خواتین کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی، خواتین پر تشدد کے 2284 واقعات بھی رپورٹ ہوئے

خواتین کے اغوا کی 12705 وارداتیں سامنے آئیں جبکہ جنسی زیادتی کے واقعات میں 7700 سے زائد خواتین اغواءکی گئیں اور جنسی زیادتی کے 4354 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں 855 گینگ ریپ کے بھی شامل ہیں تاہم زیادتی کے متعدد مقدمات دوران تفتیش بے بنیاد ثابت ہوئے، پنجاب میں 10سال سے کم عمر بچوں سے بدفعلی کے 2709 جبکہ بچیوں سے جنسی زیادتی کے 1359 مقدمات درج ہوئے۔