3 ارب 20 کروڑ فراڈ کیس کے ملزم کی 100 روپے میں ضمانت


اسلام آباد:(بیورورپورٹ) ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی کرمنل کارروائی اختیار سے تجاوز ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے 3 ارب 20 کروڑ سیلز ٹیکس فراڈ کیس کے شریک ملزم شاہد خواجہ کی 100 روپے میں ضمانت منظور کرلی۔

جسٹس بابر ستار نے عدالتی فیصلے کی کاپی چیئرمین ایف بی آر کو بھجوانے کا حکم بھی دیدیا،عدالتی فیصلے میں کہا گیا بینک کے برانچ منیجر کو پاور کمپنی کے برانچ میں اکاونٹ کھولنے میں اعانت پر گرفتار کیا گیا، ریاست نے درخواست گزار کے ٹیکس فراڈ کے جرم میں ملوث ہونے کا کوئی مواد پیش نہیں کیا،ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے قانون کے مطابق ٹیکس پیئر پر واجب الادا ٹیکس کا تعین ہی نہیں کیا، ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے درخواست گزار کو لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی میں گرفتار کیا اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا علم ہونے کے باوجود کرمنل کارروائی شروع کردی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے کرمنل کارروائی شروع کر کے اختیارات سے تجاوز کیا، اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے درخواست گزار کے وقار اور برابری کے آئینی حقوق مجروح کیے گئے،شرم کی بات ہے ریمانڈ دینے والے مجسٹریٹ اور ضمانت مسترد کرنے والی عدالت نے سیلز ٹیکس ایکٹ شقوں کا خیال نہیں رکھا،درخواست گزار کی ضمانت 100 روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی جاتی ہے۔