لاہور (انویسٹی گیشن سیل/ آصف مغل) انویسٹی گیشن ونگ کے عملہ کی نااہلی ، بے ضابطگی اور بدعنوانی سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر کی ایمانداری پر سوالیہ نشان بن گئی،ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر کے احکامات کے باوجود بھی ان کے ماتحت عملہ کا جرائم پیشہ افراد کیخلاف درج ہونیوالے مقدمات میں انہیں ریلیف دینے کیلئے بھاری رشوت وصول کرنیکا انکشاف،سنگین نوعیت کے مقدمات کے چالان مکمل کرنے کیلئے بھی ملزمان کے اہل خانہ سے نذرانے وصول کئے جانے لگے،مدعیان کیساتھ ساز باز کرکے دیہاڑیاں لگانے کیلئے شریف شہریوں کو بھی تتیمہ بیان کے ذریعے مقدمات میں نامزد کرنا انویسٹی گیشن ونگ کے اہلکاروں اور افسران کا معمول بن گیا،شہری انویسٹی گیشن ونگ کی اس رشوت خوری اور کرپشن پر سراپا احتجاج،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق انویسٹی گیشن ونگ میں رشوت ستانی عروج پر پہنچ چکی ہے اور تھانوں میں تعینات انچارجز انویسٹی گیشن پر رشوت خوری کے سنگین الزامات معمول کا حصہ بن گئے۔ زرائع کے مطابق انویسٹی گیشن کا عملہ افسران کے نام پر نت نئے طریقوں سے کرپشن کرنے میں مصروف ہیں اور شہری ان کی رشوت خوری کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔انویسٹی گیشن ونگ کا عملہ سنگین نوعیت کے مقدمات میں نامزد ملزمان کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے انکے اہل خانہ سے منہ مانگی رشوت طلب کرتے ہیں اور رشوت وصول کرنے کے بعد انہیں ضمنی میں یا تو بیگناہ لکھ دیتے ہیں یا پھر ان کو اس قدر سہولت فراہم کر دیتے ہیں کہ عدالت میں پہلی یا دوسری پیشی کے دوران ان کی کنفرم ضمانت ہو جاتی ہے۔ اسی طرح انویسٹی گیشن کے آفیسران قتل و اقدام قتل جیسے مقدمات کے مدعیان سے ملی بھگت کرکے نامعلوم ملزمان کی جگہ کسی ایسے شہری کو تتیمہ بیان کے ذریعے نامزد کروا لیا جاتا ہے جس کا وقوعہ سے دور دور تک بھی کوئی تعلق واسطہ نہیں ہوتا اور پھر اسے بیگناہ کرنے یا مدعی مقدمہ سے معافی دلوانے کے نام پر مبینہ طور پر بھاری رشوت کا تقاضہ کیا جاتا ہے جبکہ بہت سے مقدمات میں گرفتار کیے جانیوالے ملزمان کو جیل تو بھیج دیا جاتا ہے لیکن ان کے چالان اس وقت تک مکمل کرکے عدالت میں پیش نہیں کئے جاتے جب تک تفتیشی آفیسران ان کے اہلخانہ سے رشوت وصول نہیں کر لیتے۔انویسٹی گیشن ونگ نے شہریوں کو اس طریقہ سے ذلیل کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے حالانکہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر نے اپنے ماتحت عملہ کو اس حوالے سے سخت اقدامات جاری کررکھے ہیں کہ مقدمات کے چالان مکمل کرکے جلد عدالتوں میں پیش کئے جائیں اور بیگناہ شہریوں کو کسی بھی صورت ناجائز مقدمات میں ملوث نہ کیا جائے اور شہریوں سے کسی بھی جائز و ناجائز کام کیلئے رشوت طلب نہ کی جائے لیکن انویسٹی گیشن ونگ لاہور نے تمام تر کام ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر کے احکامات کے برعکس کرنا شروع کر رکھے ہیں اور شہری بھی انویسٹی گیشن ونگ کے آفیسران و ملازمین کی رشوت خوری اور غنڈہ گردی پر سراپا احتجاج ہیںاور انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے مطالبہ کیا ہے کہ انویسٹی گیشن ونگ کے افسران و ملازمین کی اس رشوت خوری پر سختی کیساتھ نوٹس لیا جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔
انویسٹی گیشن ونگ عملہ کی ملزمان کے ورثاءسے ”نذرانوں“ کی وصولی
















