ایتھنز،اسلام آباد،لاہور،گوجرانوالہ(مشرق نیوز،سپیشل رپورٹر،بیورورپورٹ)یونان کشتی حادثے میں جاں بحق مزید 4 پاکستانیوں کی لاشیں مل گئیں،مطلوب انسانی سمگلرز سمیت 10 ملزم گرفتار،ایف آئی اے کے 35 افسر و اہلکار برطرف، 13 کےخلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق یونان کشتی حادثے میں ملنے والی لاشوں کی تعداد 9 ہو گئی ،3 لاشوں کی شناخت نارووال کے شبیر، زین اور ذیشان کے نام سے ہوئی ،اویس سیالکوٹ کارہائشی تھا،لاشیں یونان کے جزیرے گیواڈوس سے ایتھنز کے ہسپتال منتقل کر دی گئیں، پاکستان لانے میں مزید ایک ہفتہ لگ سکتا ہے اب بھی 40 پاکستانیوں کی لاشیں لاپتہ ہیں۔
دریںاثنا انسانی سمگلنگ میں ملوث 35 افسروں و اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کردیا گیا،ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے لاہور میں اردلی روم کا انعقاد کرتے ہوئے کشتی حادثات میں ملوث 49 اہلکاروں کےخلاف محکمانہ کارروائیوں پرسماعت کی،نسانی سمگلنگ میں ملوث 4انسپکٹرز،10 سب انسپکٹرز،2 اے ایس آئی، ہیڈ کانسٹیبل اور14 کانسٹیبلزکو نوکری سے برطرف کردیا،13 اہلکاروں کےخلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ۔
ڈی جی ایف آئی اے نے کہا لاپروائی برتنے میں ملوث اہلکاروں کی ادارے میں کوئی جگہ نہیں ، کشتی حادثات میں ملوث اہلکاروں کےخلاف انضباطی کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا،محکمانہ احتساب کا مقصد ادارے کو کرپشن وبے ضابطگیوں میں ملوث کالی بھیڑوں سے پاک کرنا ہے، معصوم شہریوں کے استحصال میں ملوث اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں،ادارے میں احتساب کے عمل سے ہی انسانی سمگلنگ کا خاتمہ ممکن ہوگا، غفلت برتنے والے افسروں کو قرار واقعی سزا دی جائےگی۔
دوسری جانب ایف آئی اے اسلام آباد اور گوجرانولہ زونز نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انتہائی مطلوب بدنام زمانہ انسانی سمگلروں سمیت 10 ملزموں کو گرفتار کرلیا،گرفتار کیے گئے ملزموں کی شناخت ارشد، صہیب ، احمد نواز، ذوالفقار، مظہر خان ،منشا ،عمران عرف مانی، اعجاز، عمران ثاقب اور رضوان خادم کے ناموں سے ہوئی،ملزم سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھیجنے میں ملوث پائے گئے ۔
یونان کشتی حادثہ‘ مزید 4 پاکستانیوں کی لاشیں مل گئیں،35 افسر و اہلکار برطرف
















