لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے نیو ایئر نائٹ پر امن و امان اور شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے کمر کس لی ۔آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھانے اور صوبہ بھر میں 25 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار، پیرو، ڈولفن سکواڈ اور ایلیٹ کی ٹیمیں تعینات کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔سکیورٹی ہائی الرٹ ہو گی اور کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ آئی جی پنجاب نے نیو ایئر نائٹ پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور ہلڑ بازی پر زیروٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیا ہے جبکہ غل غپاڑہ، خواتین، شہریوں سے بد تمیزی اور اخلاقی حدود سے تجاوز پر سخت ایکشن ہوگا۔سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں اور شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ ڈاکٹر عثمان انورنے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ سمیت شرپسندانہ سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونے دیں۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہا کہ نیو ایئر نائٹ پر سرچ اینڈ سویپ آپریشنز اور خصوصی ناکے بھی لگائے جارہے ہیں۔ شہری نئے سال کی خوشیاں قانون اور تہذیب کے دائرے میں رہ کر منائیں۔ آئی جی پنجاب نے نیو ایئر نائٹ پر ٹریفک کے مربوط انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہری ون ویلنگ، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی 15 پر اطلاع کریں۔
شہری نئے سال کی خوشیاں قانون اور تہذیب کے دائرے میں رہ کر منائیں: آئی جی
















