اسلام آباد (بیورو رپورٹ) صدر مملکت آصف زرداری نے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا،ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت آصف زرداری نے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین اور وفد کے ارکان نے ملاقات کی،آصف زرداری نے کہا سعودی عرب کےساتھ پارلیمانی تعاون اور اعلیٰ سطح پر تبادلے بڑھانے کی ضرورت ہے،پارلیمانی تعاون سے پاک-سعودی عرب برادرانہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے، انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا،صدرمملکت نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، پاک-سعودی عرب تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر استوار ہیں اور دونوں ممالک کے مابین اقتصادی، سرمایہ کاری تعاون بڑھانے کی مزید گنجائش موجود ہے،آصف زرداری نے مشرق وسطیٰ میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے سمیت اسرائیلی جارحیت سے پیدا ہونے والی مشرق وسطیٰ کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا،صدر مملکت نے کہا پاکستان فلسطین، لبنان اور شام سے تعلق رکھنے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں کےساتھ کھڑا ہے،صدر مملکت نے خادمین حرمین شریفین اور شہزادہ محمد بن سلمان کےلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور کہا پاکستانی عوام شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت، تندرستی اور درازی عمر کےلئے دعاگو ہیں،ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق فریقین نے دیرینہ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے اور سٹرٹیجک شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت پر زور دیا،چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے کہا پاکستان کی قیادت اور ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت ہوئی اور سعودی فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے صدر کی صحت کےلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
پارلیمانی تعاون سے پاک سعودیہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے: صدر زرداری
















